میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
رائیونڈ کا شہری آزاد کشمیر کا وزیراعظم بننا چاہتا ہے، بلاول بھٹونے نواز شریف کو آڑے ہاتھوں لے لیا

رائیونڈ کا شہری آزاد کشمیر کا وزیراعظم بننا چاہتا ہے، بلاول بھٹونے نواز شریف کو آڑے ہاتھوں لے لیا

جرات ڈیسک
بدھ, ۲۲ جولائی ۲۰۲۶

شیئر کریں

 

آزاد کشمیر کے عوام کو اپنا فیصلہ خود کرنے کا حق حاصل ہے،رائیونڈ کو پنجاب سمجھے والے کہتے ہیں صوبے میں دودھ کی نہریں بہہ رہی ہیں جبکہ اندرون صوبے کا بُرا حال ہے

 

گلگت بلتستان کو سنوارنے کا وعدہ کرنے والے پہلے قصور کو تو لاہور بنالیں!کشمیر کو سینیٹ میں نمائندگی دینے، خواجہ آصف کی برطرفی کا مطالبہ ، انتخابی جلسے سے خطاب میں تنقید

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ رائیونڈ کا ایک شہری اب آزاد کشمیر کا وزیراعظم بننا چاہتا ہے، جبکہ آزاد کشمیر کے عوام کو اپنا فیصلہ خود کرنے کا حق حاصل ہے۔

میرپور میں انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے پورے نظام کو بدلنے کی انقلابی تجاویز پیش کیں اور سینیٹ میں آزاد کشمیر کو نمائندگی دینے کا مطالبہ کر دیا۔

اس کے ساتھ بلاول بھٹو نے آزاد کشمیر کے مسائل کا تعین کرنے کے لئے تحقیقاتی کمیشن قائم کرنے، احتجاجی دھرنے ختم کرنے کی تجاویز بھی پیش کیں اور میر پور، راولا کوٹ کو کشمیر کا حصہ نہ ماننے کے خواجہ آصف کا بیان واپس نہ لینے پر مسلم لیگ ن کی حکومت پر سخت تنقید کی۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ اگر کشمیری انتخابات میں پاکستان پیپلز پارٹی کو اکثریت دیتے ہیں تو ان کی جماعت حق حکمرانی، حقِ مالکیت اور حقِ روزگارکے اپنے انتخابی وعدے پورے کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ چھ ماہ کے دوران آزاد کشمیر میں پیپلز پارٹی کی حکومت نے جو کام کیے، ان پر انہیں فخر ہے۔

بلاول بھٹو نے مسلم لیگ (ن) پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ سڑکوں کی بات کرنے والوں کو صرف پنجاب کی سڑکیں اچھی نظر آتی ہیں، جبکہ پنجاب کے اندرونی علاقوں کی حالت بھی بہتر نہیں۔

انہوں نے کہا کہ بعض لوگ چاہتے ہیں کہ آزاد کشمیر کے وزیراعظم کا فیصلہ اسلام آباد میں ہو، جبکہ رائیونڈ کا ایک شہری بھی آزاد کشمیر کا وزیراعظم بننے کا خواہش مند ہے۔

پیپلز پارٹی کے چئرمین نے وفاقی وزیر خواجہ آصف کے مبینہ بیان پر بھی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اگر وہ کشمیریوں سے معافی نہیں مانگتے تو ان کے بیان کو وفاقی حکومت کی پالیسی سمجھا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ کچھ لوگ دعوی کرتے ہیں کہ مہاجرین کی 12 نشستیں ان کی جیب میں ہیں، اگر ایسا ہے تو یہ دھاندلی اور عوام کے ساتھ ناانصافی ہوگی۔

بلاول بھٹو نے زور دیا کہ آزاد کشمیر کا مستقبل، پنجاب، سندھ یا اسلام آباد نہیں بلکہ کشمیری عوام خود اپنے ووٹ کے ذریعے طے کریں گے۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں