سندھ طاس معاہدے کی خلاف ورزی'بھارت نے پاکستان کا اضافی پانی روک لیا
شیئر کریں
بھارت نے پاکستان کا اضافی پانی روک لیا اور کہا ہے کہ پاکستان میں جانے والے پانی کو روک کر سندھ طاس معاہدے کی خلاف ورزی نہیں کی۔ بھارت کے وزیر مملکت برائے آبی وسائل ارجن میگوال کا کہنا ہے کہ بھارت نے مشرقی دریائوں سے اب تک 5لاکھ 30 ہزار ایکڑ فٹ پانی پاکستان جانے سے روکا ہے اور یہ پانی اب خود استعمال کریں گے ۔بھارتی وزیر نے راجستھان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 0.53ملین ایکٹر فٹ پانی پاکستان جانے سے روکا ہے اور جب راجستھان یا پنجاب کو اس کی ضرورت ہوگی یہ تب استعمال ہوگا۔ارجن میگوال کا مزید کہنا تھا کہ روکا جانے والا پانی پینے اور زمینوں کو سیراب کرنے کے لیے استعمال کیا جائے گا۔دوسری جانب انڈس واٹر کمیشن کے حکام کا کہنا ہے کہ بھارت کی طرف سے پانی روکے جانے کا جائزہ لے رہے ہیں، اگر بھارت نے ایسا کیا تو عالمی ثالثی عدالت سے رجوع کیا جائے گا، بھارت سندھ طاس معاہدے کے مطابق پاکستان کا پانی نہیں روک سکتا۔حکام انڈس واٹر کمیشن کے مطابق پانی روکنے سے متعلق بھارتی انڈس حکام نے پاکستان کو مطلع نہیں کیا، بھارت میں الیکشن کی وجہ سے پاک بھارت پانی پر مذاکرات تاخیر کا شکار ہوسکتے ہیں، پانی پر پروپیگنڈا کرنا بھارت کی پرانی عادت ہے پھر بات چیت پر آجاتا ہے ۔حکام انڈس واٹر کمیشن کا مزید کہنا ہے کہ وزارت پانی و بجلی بغور جائزہ لے رہی ہے ، بھارت کو پانی کا رخ موڑنے میں کئی سال لگیں گے ۔