بھارتی کرکٹرز کی گراؤند میں لڑائی ، ویڈیو سامنے آگئی
شیئر کریں
آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ کے دوران کپتان ویرات کوہلی اور ٹم پین کے درمیان توتو میں میں کے بعد بھارتی کرکٹرز آپس میں جھگڑ پڑے ۔پرتھ ٹیسٹ کے چوتھے دن فاسٹ بولراشانت شرما اور رویندر جڈیجا کی لڑ ائی کی ویڈیو میں دونوں ایک دوسرے سے اُلجھتے دکھائی دیے۔آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ کے چوتھے دن بھارتی کھلاڑیوں کے درمیان لڑائی کی ویڈیو منظر عام پر آئی ہے ۔ہزاروں تماشائیوں اور ٹی وی کیمروں کے سامنے دو بھارتی سینئر کھلاڑی اشانت شرما اور رویندرا جدیجا ایک دوسرے سے اُلجھتے ہوئے دکھائی دے رہے ہیں، ٹیم کے دو دیگر کھلاڑیوں کلدیپ یادیو اور فاسٹ بولر محمد شامی نے بیچ بچاؤ کرایا۔ براڈ کاسٹر نے لڑائی کی ویڈیو آج ریلیز کی ہے تاہم دونوں کھلاڑیوں کے درمیان بحث کی وجہ معلوم نہیں ہوسکی۔
کہا جارہا ہے کہ فاسٹ بولر اشانت شرما متبادل کھلاڑی جدیجا کی فیلڈنگ پوزیشن سے مطمئن نہیں تھے ۔ دونوں کھلاڑی اوور کے خاتمے کے وقفے کے دوران ایک دوسرے پر اُلجھتے اور انگلیاں اُٹھاتے دکھائی دیے ۔ٹیسٹ کے پانچویں اور آخری روز آسٹریلوی بولرز کی عمدہ بولنگ کے باعث بھارتی ٹیم یہ ٹیسٹ 146 رنز سے ہار گئی تھی۔ایک روز پہلے اسی گراؤنڈ پر بھارتی کپتان ویرات کوہلی اور آسٹریلین قائد ٹم پین کے درمیان اس وقت گرما گرمی ہوئی تھی جب وکٹ پر موجود ٹم پین نے کوہلی پر جملے کسے اور کہا کہ تم کول بننے کی کوشش کیوں کر رہے ہو۔ تاہم امپائر نے معاملے کی سنگینی کو بھانپتے ہوئے فوراً مداخلت کی اور کہا کہ تم دونوں کپتان ہو گیم پر توجہ دو۔