کیپٹن (ر) صفدر کا امجد شاہ سے ذاتی تنازعہ ہے، اسے سیاست کا حصہ نہ بنائیں، اعظم نذیر تارڑ
شیئر کریں
احسن بھون محترم شخصت ہیں اور ان کا وکلا برادری میں بڑا احترام ہے،وزیرقانون کی نجی ٹی وی سے گفتگو
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ کیپٹن (ر) صفدر کا سپریم کورٹ بار کے انڈیپنڈنٹ گروپ کے صدارتی امیدوار امجد شاہ سے ذاتی تنازع ہے، مانسہرہ میں پلاٹ کا تنازع ہے، اسے سیاست کا حصہ نہ بنائیں۔
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ مسلم لیگ ن لائرز فورم نے امجد شاہ کی حمایت کا اعلان کر رکھا ہے، کیپٹن (ر)صفدر محترم ہیں لیکن وہ وکیل ہیں نہ ہی بار کے رکن، انہیں بار کے انتخابات اور معاملات سے دور رہنا چاہیے، اگر میں ڈاکٹر نہیں تو مجھے پی ایم ڈی سی الیکشن یا معاملات پر غیر ضروری تنقید نہیں کرنی چاہیے۔
اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ احسن بھون محترم شخصت ہیں اور ان کا وکلا برادری میں بڑا احترام ہے، گزشتہ 10سال میں ان کے گروپ نے صرف ایک یا دو بار الیکشن ہارا ہے، ان کی ساکھ یہ ہے کہ ان پر وکلا برادری کا اعتماد ہے، احسن بھون کے بارے میں جو گفتگو ہوئی یہ انتخابات کے دنوں میں سستا اسٹنٹ ہوتا ہے، یاد دہانی کروا دوں بار کے مکینزم بہت بہتر ہیں۔
وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ الیکشن 2020 میں احسن بھون نے عدالت میں کہا تھا بار کونسل ریگولیٹرز کی ڈگریوں اور کوائف کی تصدیق کروائی جائے، سال 2020 الیکشن میں امیدوار تھا، اس لیے میری، احسن بھون، امجد شاہ کی ڈگریوں کی تصدیق ہوئی تھی، میرے ذاتی علم میں ہے احسن بھون کی ڈگری کے حوالے سے کوئی ایسی چیز نہیں ہے، پھر کہوں گا کیپٹن (ر)صفدر کا بار انتخابات سے کوئی تعلق نہیں۔
سوال کیا گیا کہ احسن بھون نے میاں داود ایڈووکیٹ کے وزیراعلیٰ پنجاب سے متعلق بیان کی تائید کی، اس پر کیا کہیں گے، جس کے جواب میں اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ جب بھی میڈیا پر بیٹھیں اپنی زبان پر بہت کنٹرول ہونا چاہیے، میڈیا پر نپی تلی اور سچی بات کرنی چاہیے اس سے زیادہ کچھ نہیں کہوں گا۔


