جنوبی سرحد پر دہشت گردوں کی محفوظ پناہ گاہیں ختم نہ کیں تو خمیازہ بھگتنا پڑے گا، امریکا کا پھر ڈومور
شیئر کریں
امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے ایک بار پھر پاکستان سے ڈو مور کا مطالبہ دہرا دیا۔ غیرملکی خبر رساں ادارے کے مطابق واشنگٹن میں پریس بریفنگ کے دوران امریکی وزیر خارجہ نے پاکستان سے ڈو مور کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی قیادت سے چند ہفتے پہلے ملاقات ہوئی، ملاقات میں واضح کردیا کہ امریکا کی جنوبی ایشیا پالیسی میں تبدیلی نہیں ہوئی اس لیے امید کرتا ہوں کہ پاکستان دہشت گردوں کو محفوظ ٹھکانے بنانے نہیں دے گا۔انہوں نے کہا کہ جنوبی سرحد پر دہشت گردوں کی محفوظ پناہ گاہیں ختم نہ کی گئیں تو خمیازہ بھگتنا پڑے گا۔
واضح رہے کہ چند روز قبل پاکستان کے مختصر دورہ پر آئے امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے پاکستان اورامریکا کو درپیش مشترکہ چیلنجز کو دہرایا تھا اور نئی پاکستانی قیادت کے ساتھ مل کر مشترکہ مسائل حل کرنے پر بھی زور دیا تھا۔دوسری جانب مائیک پومپیو نے سعودی صحافی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ جمال خاشقجی کے قتل سے متعلق حقائق کا پتا چلائیں گے جب کہ سعودی صحافی کے قتل پر کانگریس سے مشاورت بھی کریں گے ۔امریکی وزیر خارجہ نے کہا کہ جمال خاشقجی کے قتل کی تحقیقات کے لیے دیگر ممالک سے مل کر کام کریں گے اور جمال خاشقجی کے قتل میں ملوث افراد کو کٹہرے میں لائیں گے تاہم قتل میں ملوث افراد کے ویزے منسوخ اور پابندیاں لگانے کا جائزہ لے رہے ہیں۔