صحافی احمد نورانی نامعلوم افراد کے حملے میں زخمی
ویب ڈیسک
هفته, ۲۸ اکتوبر ۲۰۱۷
شیئر کریں
اسلام آباد (بیورورپورٹ)وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں دی نیوز کے سینئر رپورٹر احمد نورانی کو نامعلوم افراد نے گاڑی سے اتار کر تشدد کا نشانہ بنایا جس کے بعد زخمی حالت میں انہیں ہسپتال منتقل کر دیا گیا ۔ نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق سینئر رپورٹراحمد نورانی اپنی گاڑی میں راولپنڈی سے اسلام آباد آرہے تھے کہ زیرو پوائنٹ پر 3 موٹرسائیکلوں پر سوار افراد نے ان کی گاڑی کو روکا اور چابی نکال لی۔ملزمان نے احمد نورانی اور ان کے ڈرائیور کو زد و کوب کیا ٗ لوگوں کے جمع ہونے پر حملہ کرنے والے فرار ہوگئے۔حملہ آور افراد کی شناخت نہ ہوسکی ٗحملے میں زخمی ہونے والے احمد نورانی اور ان کے ڈرائیور کو ہسپتال پہنچادیا گیا، جہاں انہیں طبی امداد دی گئی۔ہسپتال ذرائع کے مطابق احمد نورانی کی حالت خطرے سے باہر ہے ۔