میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
فنِ خوشامد و جی حضوری

فنِ خوشامد و جی حضوری

جرات ڈیسک
پیر, ۲۳ نومبر ۲۰۲۶

شیئر کریں

آپکو ترقی کرنے سے کوئی طاقت نہیں روک سکتی!!

اگر آپ نے جی حضوری میں میٹرک کیا ہوا ہے ، خوشامد میں ایف اے پاس ہیں، جھوٹ اور فریب میں گریجویشن کر رکھی ہے اور دوسروں کو شیشے میں اتارنے میں ماسٹرز کی ڈگری حاصل کر چکے ہیں تو مبارک ہو! آپ اس معاشرتی نصاب کے کامیاب طالب علم ہیں جس کی سند کسی یونیورسٹی سے نہیں بلکہ طاقتور لوگوں کی خوشنودی سے جاری ہوتی ہے ۔ آپ کو ترقی کیلئے کسی مقابلے کے امتحان، کسی تحقیقی مقالے یا کسی غیر معمولی ذہانت کی ضرورت نہیں۔ بس اتنا جان لیجیے کہ کس موقع پر خاموش رہنا ہے ، کس موقع پر تعریف کے پل باندھنے ہیں، کس کے سامنے اپنی رائے قربان کرنی ہے اور کس کے سامنے دوسروں کی قابلیت کو مشکوک ثابت کرنا ہے ۔

مزید ترقی کیلئے یہ نصاب بھی پڑھ لیں!!
اس نصاب کا پہلا سبق ہے ، اختلافِ رائے سے اجتناب ۔دوسرا سبق ہے ، صاحبِ اختیار کی ہر بات پر اثبات میں سر ہلانا۔ تیسرا سبق ہے ، اپنی قابلیت سے زیادہ دوسروں کی کمزوریوں کا علم رکھنا۔ چوتھا سبق ہے ، اصولوں کو حالات کے مطابق بدلنے کی غیر معمولی صلاحیت۔

تاریخ اٹھا کر دیکھیے تو درباروں کی دنیا میں بھی خوشامد اور حقیقت کے درمیان ہمیشہ ایک کشمکش رہی ہے ۔ بادشاہوں کے گرد ایسے لوگ جمع رہتے تھے جو انہیں وہی سناتے تھے جو وہ سننا چاہتے تھے ، جبکہ سچ بولنے والے اکثر دربار کی پسندیدہ فہرست میں شامل نہیں ہوتے تھے ۔

مغلیہ درباروں سے لے کر یورپ کے شاہی ایوانوں تک، اقتدار کے قریب رہنے والے خوشامدی کردار تاریخ کا حصہ رہے ہیں۔ البتہ ہر دور میں ایسے اہلِ علم اور صاحبِ بصیرت لوگ بھی موجود رہے جنہوں نے طاقت کے سامنے سچ کہنے کی قیمت ادا کی۔ مسئلہ یہ ہے کہ ہم نے تاریخ سے سبق لینے کے بجائے دربار داری کے آداب ضرور سیکھ لیے ہیں۔
ہمارے اداروں میں ایک ہی عجیب منظر دکھائی دیتا ہے ۔ ایک طرف وہ شخص بیٹھا ہے جس کے پاس برسوں کا تجربہ، اعلیٰ تعلیم، وسیع مطالعہ اور مسائل حل کرنے کی صلاحیت ہے ۔

دوسری طرف وہ صاحب موجود ہیں جن کا سب سے بڑا ہنر یہ ہے کہ وہ افسر کے چہرے سے اس کی خواہش پڑھ لیتے ہیں۔ پہلا شخص مسئلے کا حل پیش کرتا ہے ، دوسرا صاحب مسئلہ پیدا کرنے والے کی تعریف کرتا ہے ۔ پہلا اعداد و شمار اور حقائق کی بات کرتا ہے ، دوسرا صاحب بتاتا ہے کہ سر! آپ جیسا وژنری افسر اس ادارے نے کبھی نہیں دیکھا۔ اب فیصلہ کیجیے ، ترقی کی دوڑ میں کون آگے نکلے گا؟ یہاں قابلیت کا المیہ بھی کچھ عجیب ہے ۔ ذہین شخص سوال اٹھاتا ہے ، خوشامدی شخص سوال اٹھانے والے کی نیت پر سوال اٹھا دیتا ہے ۔ باصلاحیت شخص بہتری کی تجویز دیتا ہے ، موقع شناس شخص تجویز دینے والے کو ہی خطرہ قرار دے دیتا ہے ۔ خوددار آدمی اپنے اصولوں پر کھڑا رہتا ہے ، جبکہ موقع پرست آدمی حالات کے ساتھ اپنی ریڑھ کی ہڈی کا زاویہ بھی بدل لیتا ہے ۔ نتیجہ یہ کہ ایک شخص اپنی صلاحیت ثابت کرنے میں پوری عمر گزار دیتا ہے اور دوسرا اپنی وفاداری کے سرٹیفکیٹ دکھا کر منزل تک پہنچ جاتا ہے ۔یہ رویہ صرف سرکاری دفاتر تک محدود نہیں۔صحافتی اداروں سے لیکر تعلیمی مراکز تک، کمپنیوں سے لیکرسماجی تنظیموں تک ہر طرف اسی رویے کی جھلک دکھائی دیتی ہے ۔ عہدے قابلیت سے زیادہ تعلقات کی بنیاد پر ملتے ہیں، فیصلے دلیل سے نہیں تعلق داری سے ہوتے ہیں۔ سچائی کی قیمت یہ ادا کرنا پڑتی ہے کہ آپ کو ناقابلِ عمل، باغی یا غیر مصلحت پسند قرار دے دیا جاتا ہے ۔ یوں ایک ایسا ماحول تشکیل پاتا ہے جہاں لوگ کام کرنے سے زیادہ کام دکھانے ، خدمت کرنے سے زیادہ وفاداری جتانے اور سچ بولنے سے زیادہ خوشگوار جھوٹ بولنے میں مہارت حاصل کرنے لگتے ہیں۔

اس سارے منظرنامے میں سب سے بڑا نقصان کسی ایک قابل شخص کا نہیں، پورے معاشرے کا ہوتا ہے ۔ جب اداروں میں اہل لوگوں کی حوصلہ شکنی ہوتی ہے تو فیصلوں کا معیار گرتا ہے ، جب تحقیق کی جگہ تائید لے لیتی ہے تو علم آگے نہیں بڑھتا، جب دیانت داری کو کمزوری سمجھا جانے لگتا ہے تو اعتماد دم توڑنے لگتا ہے ۔ قومیں صرف عمارتوں، سڑکوں اور بلند و بالا منصوبوں سے ترقی نہیں کرتیں، ان کی اصل ترقی ان اداروں سے ہوتی ہے جہاں صحیح آدمی کو صحیح ذمہ داری دی جائے ، جہاں سوال کرنے والے کو دشمن نہ سمجھا جائے اور جہاں اختلاف کو بغاوت کے بجائے بہتری کا امکان تصور کیا جائے ۔ سو، اگر پاکستان میں ترقی کرنے کیلئے واقعی تعلیم، ذہانت، وفاداری، خودداری اور دیانت داری ضروری نہیں، تو پھر ہمیں اپنے تعلیمی اداروں کے نصاب میں ایک نیا مضمون شامل کر دینا چاہیے ‘‘ فنِ خوشامد و جی حضوری’’ ۔ اس کی عملی تربیت بھی ہونی چاہیے تاکہ نوجوانوں کو معلوم ہو سکے کہ کس کے سامنے کتنی جھکنا ہے ، کس کی غلط بات کو درست ثابت کرنا ہے اور کس کی نااہلی کو بصیرت کا نام دینا ہے ۔

جس معاشرے میں قابلیت کو اپنی جگہ بنانے کیلئے خوشامد کی سفارش درکار ہو، وہاں زوال کسی حادثے کا نام نہیں رہتا، ایک باقاعدہ انتظامی پالیسی بن جاتا ہے ۔ ایسے ماحول میں ترقی صرف افراد کی ہوتی ہیں،ملک اور قوم کی نہیں۔
٭٭٭


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں