جب پاگل پن حقیقت بن جائے اور حقیقت پاگل پن!
شیئر کریں
دنیا کی تاریخ میں سب سے خطرناک انسان ہمیشہ وہ نہیں ہوتا جس کے ہاتھ میں تلوار ہو، جس کے پاس فوج ہو یا جس کے قبضے میں اقتدار ہو۔ بعض اوقات سب سے خطرناک انسان وہ ہوتا ہے جو اپنی تخلیق کردہ دنیا کو حقیقی دنیا سمجھنے لگتا ہے ، اپنے خیالات کو آفاقی سچائی قرار دے دیتا ہے اور پھر پوری کائنات سے مطالبہ کرتا ہے کہ وہ اس کے تصور کے مطابق تبدیل ہو جائے ۔ ایسے انسان کو اپنی غلطی دکھائی نہیں دیتی، کیونکہ اس کی آنکھوں پر حقیقت کا نہیں بلکہ اس کے اپنے عقائد، خوابوں اور وہموں کا پردہ پڑا ہوتا ہے ۔
ہسپانوی ادیب مائیگوئل دے سروانتیس (Miguel de Cervantes)کا شہرۂ آفاق ناول Don Quixote اسی انسانی المیے کی ایک ایسی شاہکار تصویر ہے جسے چار سو برس سے زیادہ گزرنے کے باوجود پڑھتے ہوئے محسوس ہوتا ہے کہ مصنف نے اپنے زمانے کے بجائے ہمارے عہد کی نفسیات لکھی تھی۔ 1605ء میں اس ناول کا پہلا حصہ اور 1615ء میں دوسرا حصہ شائع ہوا۔ اسے اکثر دنیا کا پہلا جدید ناول (First Modern Novel) کہا جاتا ہے ۔ لیکن اس کی عظمت صرف ادبی تاریخ میں اس کے مقام کی وجہ سے نہیں، بلکہ اس وجہ سے بھی ہے کہ اس نے انسان کے ذہن، اس کے عقائد، اجتماعی فریب اور حقیقت سے فرار کے بارے میں ایسے سوالات اٹھائے جن سے آج بھی ہماری تہذیب خوف زدہ ہے ۔ناول کا مرکزی کردار الونسو کیخانو (Alonso Quixano) ایک ایسا شخص ہے جو بہادری، جنگوں، شہ سواروں اور خیالی مہمات کی داستانیں پڑھتے پڑھتے اپنی حقیقی زندگی سے دور ہو جاتا ہے ۔
وہ ان کہانیوں میں اس قدر ڈوب جاتا ہے کہ ایک دن خود کو بہادر شہ سوار سمجھنے لگتا ہے اور اپنا نام ڈان کیخوتے (Don Quixote) رکھ لیتا ہے ۔ وہ زنگ آلود زرہ پہنتا ہے ، اپنے کمزور گھوڑے کا نام روسینانتے (Rocinante)رکھتا ہے اور دنیا کو درست کرنے کے عظیم مشن پر نکل پڑتا ہے ۔اس کے نزدیک دنیا ظلم، ناانصافی اور بدکرداری سے بھری ہوئی ہے اور اسے ایک ایسے نجات دہندہ کی ضرورت ہے جو مظلوموں کو آزاد کرائے ، بدکاروں کو سزا دے اور کھوئی ہوئی شرافت بحال کرے ۔ لیکن مسئلہ یہ ہے کہ اس کی نظر میں دنیا وہ نہیں ہوتی جو حقیقت میں موجود ہے ، بلکہ وہ ہوتی ہے جو اس کے ذہن میں آباد ہے ۔ وہ ہوا سے چلنے والی چکیوں کو دیوہیکل جنات سمجھ کر ان پر حملہ کر دیتا ہے ۔ عام مسافروں کو غیر معمولی کردار، معمولی واقعات کو عظیم سازشیں اور روزمرہ زندگی کو خیالی جنگ کا میدان بنا دیتا ہے ۔یہاں سروانتیس ایک بنیادی سوال اٹھاتا ہے ،کیا انسان حقیقت کو دیکھتا ہے یا صرف وہی دیکھتا ہے جس پر یقین کرنا چاہتا ہے ؟یہ سوال محض ایک مزاحیہ کردار کا نفسیاتی مسئلہ نہیں۔ یہ انسانی تاریخ کا سب سے بڑا المیہ ہے ۔ مذہبی جنون، سیاسی انتہا پسندی، نسلی برتری، قومی تفاخر اور نظریاتی آمریت اکثر اسی ذہنی بیماری کی مختلف شکلیں ہیں۔ انسان جب اپنے عقیدے کو سوال سے بالاتر کر دیتا ہے تو اس کے لیے حقیقت کی اہمیت ختم ہونے لگتی ہے ۔ پھر وہ دلیل نہیں سنتا، ثبوت قبول نہیں کرتا اور اختلاف کو اپنی ذات پر حملہ سمجھتا ہے ۔ڈان کیخوتے کا ساتھی سانچو پانزا (Sancho Panza)اس کہانی کا دوسرا اہم کردار ہے ۔ وہ زمین سے جڑا ہوا، عام فہم اور عملی زندگی کا تجربہ رکھنے والا انسان ہے ۔ اس کے سامنے روٹی، بھوک، آرام اور روزمرہ ضروریات کی حقیقت ہے ، جبکہ اس کا آقا خیالی عظمتوں اور غیر معمولی کارناموں کی دنیا میں رہتا ہے ۔ دونوں کے درمیان یہی تضاد ناول کو غیر معمولی معنویت عطا کرتا ہے ۔ ایک طرف خواب ہے ، دوسری طرف حقیقت؛ ایک طرف تصوراتی بہادری ہے ، دوسری طرف انسانی کمزوریوں کی عملی دنیا۔لیکن سروانتیس اپنے کردار کا محض مذاق نہیں اڑاتا۔ وہ اس کے اندر موجود ایک ایسی خوبصورتی بھی دکھاتا ہے جسے حقیقت پسند دنیا اکثر کچل دیتی ہے ۔ ڈان کیخوتے پاگل ضرور دکھائی دیتا ہے ، مگر اس کے اندر انصاف، رحم، آزادی اور انسانی وقار کے لیے ایک سچی تڑپ بھی موجود ہے ۔ اس کی بدقسمتی یہ ہے کہ اس کے مقاصد اور اس کے طریقہ کار کے درمیان ایک خوفناک فاصلہ ہے ۔ وہ دنیا کو بہتر بنانا چاہتا ہے ، لیکن دنیا کو سمجھنے میں ناکام رہتا ہے ۔یہیں ناول اپنی سب سے گہری فلسفیانہ سطح پر پہنچ جاتا ہے ۔ کیا خواب دیکھنا حماقت ہے ؟ کیا حقیقت پسند ہونا لازماً دانش مندی ہے ؟ کیا ایک ایسا معاشرہ جو ظلم کو معمول سمجھ لے ، اس شخص کو پاگل قرار دینے کا حق رکھتا ہے جو اس ظلم کے خلاف لڑنے نکلے ؟
جرمن فلسفی فریڈرک نطشے (Friedrich Nietzsche)نے انسانی عقائد، اخلاقی تصورات اور اجتماعی سچائیوں کو مسلسل سوالات کے کٹہرے میں کھڑا کیا۔ اس کے فلسفے کا ایک اہم پہلو یہ ہے کہ انسان اکثر اپنے خوف، خواہشات اور مفادات کو اخلاقی اصولوں اور سچائیوں کا لباس پہنا دیتا ہے ۔ ڈان کیخوتے کو اس تناظر میں دیکھیں تو وہ صرف ایک خیالی دنیا کا اسیر نہیں بلکہ اس انسانی ذہن کی علامت بھی ہے جو اپنے تصورات اور حقیقت کے درمیان فرق کھو دیتا ہے ۔فرانسیسی فلسفی ژاں بودریار (Jean Baudrillard)کے تصورِ Simulation اور Hyperrealityکی روشنی میں بھی اس ناول کو سمجھا جا سکتا ہے ۔ جب علامتیں، تصاویر اور تخیلات حقیقت کی جگہ لے لیتے ہیں تو انسان اصل دنیا کے بجائے اپنی بنائی ہوئی دنیا میں زندگی گزارنے لگتا ہے ۔ آج سوشل میڈیا، سیاسی پروپیگنڈا اور نظریاتی مہمات کے دور میں یہ کیفیت پہلے سے کہیں زیادہ نمایاں ہے ۔ لوگ واقعات سے زیادہ ان کی تشہیری تصاویر پر یقین کرتے ہیں۔ حقیقت سے زیادہ بیانیہ اہم ہو جاتا ہے اور سچائی سے زیادہ اس کی مقبولیت فیصلہ کن بن جاتی ہے ۔
سروانتیس نے ناول کے دوسرے حصے میں ایک اور حیران کن ادبی تجربہ کیا۔ 1614ء میں ایک دوسرے مصنف نے الونسو فرنانڈیز دے اوایانیدا کے فرضی نام سے ڈان کیخوتے کا غیر مجاز دوسرا حصہ شائع کیا۔ سروانتیس نے 1615ء میں اپنے اصل دوسرے حصے میں اس تنازع کو بھی کہانی کا حصہ بنا دیا۔ اس کے کردار اپنی سابقہ مہمات کے بارے میں شائع ہونے والی تحریروں سے واقف ہوتے ہیں اور جعلی داستانوں پر گفتگو کرتے ہیں۔ گویا مصنف نے حقیقت اور افسانے کے درمیان موجود سرحد کو بھی توڑ دیا۔ یہ ادبی تکنیک بعد کے ناول نگاروں کے لیے ایک نئی دنیا کا دروازہ ثابت ہوئی۔
اب ذرا اپنے معاشرے کی طرف دیکھیے ۔پاکستان میں بھی ہم نے کئی ایسی خیالی دنیائیں تعمیر کر رکھی ہیں جن کا زمینی حقیقت سے کوئی تعلق نہیں۔ یہاں ریاستی بیانیے کو قومی شعور، حکمرانوں کی خواہشات کو قومی مفاد، طاقتور طبقوں کے مفادات کو ملکی سلامتی اور اختلاف کرنے والوں کی آواز کو انتشار قرار دینے کی روایت موجود ہے ۔ ہم نے ایسے تصورات تخلیق کیے ہیں جن میں ہر ناکامی کی ذمہ داری کسی دوسرے پر ڈال دی جاتی ہے ، ہر سوال کرنے والا مشکوک بن جاتا ہے اور ہر اختلاف کرنے والا دشمن قرار پاتا ہے ۔ہماری اجتماعی نفسیات کا المیہ یہ ہے کہ ہم اکثر حقیقت کو تبدیل کرنے کے بجائے حقیقت کے بارے میں اپنی کہانی تبدیل کر لیتے ہیں۔ غربت موجود ہے مگر اس پر گفتگو کرنے کے بجائے کامیابیوں کے قصیدے سنائے جاتے ہیں۔ تعلیم تباہ ہے مگر ترقی کے دعوے ختم نہیں ہوتے ۔ انصاف کمزور ہے مگر قانون کی بالادستی کے نعرے بلند ہوتے رہتے ہیں۔ عوام بنیادی ضروریات کے لیے پریشان ہیں مگر اقتدار کے ایوانوں میں قومی عظمت کے خواب فروخت کیے جاتے ہیں۔یہاں سوال یہ نہیں کہ ہمارے معاشرے میں ڈان کیخوتے موجود ہیں یا نہیں، اصل سوال یہ ہے کہ ہماری اجتماعی زندگی میں کون دیو قامت چکیاں کھڑی کر رہا ہے اور کون لوگوں کو یقین دلا رہا ہے کہ وہ حقیقی دشمن ہیں؟اس ناول کا سب سے بڑا المیہ اس کا اختتام ہے ۔ جب ڈان کیخوتے اپنی خیالی دنیا سے باہر نکلتا ہے تو اسے اپنی حقیقت کا احساس ہوتا ہے ۔ وہ اپنے پرانے نام الونسو کیخانو کی طرف لوٹتا ہے اور اپنی سابقہ زندگی کو پہچاننے لگتا ہے ۔ لیکن اس وقت تک بہت دیر ہو چکی ہوتی ہے ۔ اس کی زندگی کا اختتام ہمیں یہ احساس دلاتا ہے کہ بعض اوقات انسان کو اس کی غلطیوں کا ادراک اس وقت ہوتا ہے جب ان کی اصلاح کا وقت گزر چکا ہوتا ہے ۔
‘ڈان کیخوتے ’دراصل ایک ایسے انسان کی کہانی ہے جو دنیا کو بدلنا چاہتا تھا، مگر اپنی دنیا اور حقیقی دنیا کے درمیان فرق نہ سمجھ سکا۔ سروانتیس نے چار سو برس پہلے ہمیں خبردار کیا تھا کہ انسان کا سب سے بڑا دشمن کبھی کبھی اس کے باہر نہیں بلکہ اس کے اپنے ذہن میں موجود ہوتا ہے ۔ جب نظریہ عقل پر غالب آ جائے ، عقیدہ سوال سے بلند ہو جائے ، اقتدار حقیقت کا متبادل بن جائے اور اجتماعی فریب قومی شعور کا نام اختیار کر لے تو پھر معاشرے میں ہوا سے چلنے والی چکیاں بھی دیو قامت دشمن دکھائی دینے لگتی ہیں۔اور سب سے خوفناک بات یہ ہے کہ ایسی دنیا میں پاگل پن صرف ایک فرد کی بیماری نہیں رہتا، پوری قوم کی اجتماعی حقیقت بن جاتا ہے ۔
٭٭٭


