مولانا نذر الرحمن، رحمن کی نذر ہوگئے!
شیئر کریں
آہ.! شیخ الحدیث حضرت مولانا نذر الرحمن صاحب رحمۃ اللہ علیہ بھی مسافرانِ آخرت میں شامل ہوگئے۔ اناللہ واناالیہ راجعون۔ وہ گزشتہ کئی دھائیوں سے مختلف عوارض و امراض میں مبتلا چلے آرہے تھے۔ پھر سو سال سے اوپر عمر کی اس پیرانہ سالی میں مدرسہ کی تعلیمی و تدریسی خدمات ،رائیونڈ مرکز کی تبلیغی مصروفیات اور سب سے بڑھ کر عالمی تبلیغی جماعت کی امارت کی ذمہ داریاں ان سب پر مستزاد تھیں۔
مولانا نذر الرحمن صاحب رحمۃ اللہ علیہ کا آبائی تعلق تحصیل و ضلع راولپنڈی کے دو افتادہ گاؤں ‘‘بلاول’’ سے ہے ، جو چکری ضلع راولپنڈی سے مغرب کی جانب دس کلو میٹر، ضلع اٹک کی تحصیل فتح جنگ کے مضافاتی علاقے ڈھرنال سے مشرق کی جانب تقریباً اٹھائیس ، تیس کلو میٹر دور‘‘دریائے سواں’’ کے شمال مشرق میں ایک طرف واقع ہے۔یہ گاؤں تقسیم ہند سے قبل تحصیل فتح جنگ ضلع کیمل پور (اٹک)میں شامل تھا۔
مولانا نذر الرحمن صاحب رحمۃ اللہ علیہ ۱۹۲۶ء میں حافظ غلام محی الدین رحمۃ اللہ علیہ کے یہاں ایک دین دار گھرانے میں پیدا ہوئے، جو علم و عمل اور تصوف و طریقت سے وابستہ تھا۔آپ ؒکے والد ماجد حافظ غلام محی الدین رحمۃ اللہ علیہ متورع و متقی اور ایک خدا شناش بزرگ تھے۔ اور حضرت پیرمہر علی شاہ رحمۃ اللہ علیہ کے عقیدت مندوں میں سے تھے۔ تیس کی دھائی میں جب آمد و رفت کے ذرائع انتہائی کم یاب بلکہ تقریباً نہ ہونے کے برابر تھے آپؒ کم و بیش ستر، اسی میل کا سفر پیدل طے کرکے ‘‘بلاول’’ سے ‘‘گولڑہ شریف’’ حضرت پیر مہر علی شاہ رحمۃ اللہ علیہ کی خدمت میں جایا کرتے تھے۔
مولانا نذر الرحمن صاحب رحمۃ اللہ علیہنے ابتدائی دینی تعلیم بچپن میں اپنے علاقے ہی میں حاصل کی اور پھر جب سن شعور کو پہنچے تو آپ کے والد ماجد نے آپ کو موضع ‘‘بھترال’’ ضلع راولپنڈی میں داخل کرایا، جہاں آپ نے ابتدائی کتب کی تعلیم حضرت مولانا عبد الخالق صاحب رحمۃ اللہ علیہ سے حاصل کی۔اس کے بعد آپ جامعہ دار العلوم ربانیہ بھوئی گاڑ تشریف لے گئے اور وہاں رہ کر آپ نے ا علیٰ درجہ کی کتابیں حضرت مولانا مفتی عبد الحی قریشی اور حضرت مولانا فرید الدین قریشی رحمہما اللہ سے پڑھیں۔ اس کے بعد منتہی کتب کی تعلیم حاصل کرنے کے لئے آپ نے ضلع گجرات کی مشہور و معروف دینی درس گاہ موضع ‘‘اَنِّیْ’’کا رُخ کیا اور وہاں حضرت شیخ الہند رحمۃ اللہ علیہ کے ہونہار شاگرد فاضل دیوبند حضرت مولانا سلطان محمود رحمۃ اللہ علیہ سے ۱۹۴۹ء کے اواخراور ۱۹۵۰ ء کے اوائل میں دورۂ حدیث مکمل کرکے سند فراغت حاصل کی۔
‘‘اَنِّیْ’’ کا یہ مدرسہ عمدہ تعلیم و تربیت میں اپنی مثال آپ تھا۔ چنانچہ آپ کو یہ جان کر حیرت ہوگی کہ اس زمانے میں یہ دستور تھا کہ مختلف
دینی مدارس و مراکز سے جب طلباء علوم و فنون کی کی تکمیل کرلیتے تو بعد دورۂ حدیث کے لئے ازہر الہند دار العلوم دیوبند کا رُخ کرتے جہاں
پہلے طلباء سے سخت اور کڑا امتحان لیا جاتا اور اس کے بعد انہیں ترجیحی بنیادوں پر ان کا داخلہ ہوتا، لیکن ‘‘اَنِّیْ’’ سے پڑھے ہوئے طلباء کے بارے میں یہ اُصول تھا کہ انہیں بغیر کسی امتحان اور سفارش کے داخلہ دیا جاتا۔مدرسہ‘‘ اَنِّیْ’’ میں چوں کہ قیام و طعام کا کوئی انتظام نہیں تھا اس لئے مولانا نذر الرحمن صاحب رحمۃ اللہ علیہنے اپنے قیام و طعام کا انتظام مدرسہ سے دُور ‘‘کٹھیالہ شیخاں’’ نامی بستی میں بنا رکھا تھا ،جہاں آپ رات گزارتے اور صبح ہوتے ہی بلا ناغہ پیادہ پا سبق پڑھنے کے لئے وقت سے پہلے مدرسہ پہنچ جاتے اور ایک مرتبہ سبق یاد کرکے سنادیتے۔ بلکہ آپ نے درسی کتب کی پڑھائی کے ساتھ ساتھ مکمل قرآنِ مجید بھی حفظ فرمالیا تھا۔
۱۹۵۰ء میں درسِ نظامی کی تکمیل کے بعد آپ اپنے گاؤں واپس تشریف لائے ۔ وہاں آپ کے بڑے بھائی حافظ فضل حسین صاحب رحمۃ اللہ علیہ ایک مسجد میں امامت فرمایا کرتے تھے۔ آپ نے بھائی جان کے سامنے مسجد کی خدمت و امامت کی خواہش ظاہر کی تو اُنہوں نے بخوشی یہ ذمہ داری آپ کو سونپ دی اور خود ‘‘مندرہ’’ سے جاتے ہوئے چکوال روڈ پر تحصیل‘‘ گوجر خان’’ کے ایک گاؤں ‘‘جاتلی’’ کی ایک مسجد میں امامت و خطابت شروع کردی۔
۱۹۵۳ء میں جب ختم نبوت کی تحریک چلی تو مولانا نذر الرحمن صاحب رحمۃ اللہ علیہ اپنے رفقاء سمیت اس میں شرکت کے لئے ‘‘بلاول’’ سے براستہ چکری ٗراولپنڈی کی جانب روانہ ہوئے تو چکری پولیس چوکی کے انچارج نے آپ کے دیگر رفقاء کو واپس بھیج دیا اور آپ کو دو بزرگ ساتھیوں کے ہم راہ راولپنڈی جانے دیا، جہاں آپ نے تحریک ختم نبوت میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا اور اس کی خاطر جیل بھی کاٹی۔
مولانا نذر الرحمن صاحب رحمۃ اللہ علیہنے اپنے گاؤں ‘‘بلاول’’ میں ۱۹۵۰ء سے لے کر ۱۹۵۵ء تک پانچ سال امامت و خطابت کے فرائض سر انجام دیئے۔ ۱۹۵۵ء میں حضرت مولانا ‘‘بلاول’’ سے دارالعلوم ربانیہ بھوئی گاڑ نزد ٹیکسلا ضلع اٹک تحصیل حسن ابدال تشریف لائے اور وہاں آپ نے ۱۹۵۵ء سے لے کر ۲۰؍ جنوری۱۹۶۰ء تک کم و بیش پانچ سال درس و تدریس فرمائی۔علاوہ ازیں آپ کے دو صاحب زادگان استاذِ محترم مولانا عبد الرحمن صاحب دامت برکاتہم اور حضرت حافظ عبد الحنان صاحب رحمۃ اللہ علیہ بھی بعد میں اس مدرسہ میں تدریسی خدمات سرانجام دے چکے ہیں۔
اسی زمانہ میں آپ حضرت مولانا قاضی شمس الدین ہزاروی صاحب رحمۃ اللہ علیہ (برادرِ نسبتی مفتی عبد الحق قریشی صاحب رحمۃ اللہ علیہ) کے ہم راہ خانقاہِ سراجیہ کندیاں شریف میں سلسلۂ نقش بندیہ کے شیخ کامل حضرت مولانا عبد اللہ صاحب رحمۃ اللہ علیہ سے بیعت ہوئے اور پھر اُن کے وصال کے بعد حضرت مولانا خواجہ خان محمد صاحب رحمۃ اللہ علیہ کی خدمت میں حاضر ہوکر پہلے اُن کے دست مبارک پر بیعت فرمائی، پھر علوم و سلوک و معرفت کی تکمیل فرمائی اور پھرآخر میں سلسلۂ نقش بندیہ، مجددیہ میں بیعت و خلافت کی اجازت حاصل کی۔
بعد ازاں آپ مفتی عبد الحئ قریشی صاحب رحمۃ اللہ علیہ کی خواہش کے مطابق پہلے مرکزی جامع مسجد ٹیکسلا میں تین سال اور اُس کے بعد F-3 واہ کینٹ کی ایک مسجد میں چار سال تک امامت و خطابت کے ، جب کہ اسی دوران مولانا حکیم محمد داؤد رحمۃ اللہ علیہ کے قائم کردہ مدرسہ تعلیم القرآن ٹیکسلا میں طلباء کو عربی زبان کی تعلیم و تعلم کے فرائض بھی سر انجام دیتے رہے۔ اس کے بعد آپ راولپنڈی تشریف لے گئے اور وہاں آپ نے D,M ٹیکسٹائل ملز نزد تبلیغی مرکز راولپنڈی کی ایک جامع مسجد میں امامت و خطابت اور دعوت و ارشاد کا سلسلہ شروع فرمایا۔ اس دوران مدرسہ عربیہ تبلیغی مرکز زکریا مسجد کے اُس وقت کے روحِ رواں اور مہتمم استاذِ محترم حضرت مولانا محمد خلیل صاحب رحمۃ اللہ علیہ کا آپ سے تعلق قائم ہوگیا۔ حضرت مولانا محمد خلیل صاحب رحمۃ اللہ علیہ نے اس تعلق و علاقہ کی بناء پر آپ کو مدرسہ عربیہ رائے ونڈ کی دعوتی و تدریسی خدمات کے لئے تیار فرمایا تو آپ فوراً تیار ہوگئے اور گھر سے روانہ ہوگئے۔ اور اس طرح ۱۹۷۱ ء میں آپ کا بطورِ مقیم و مدرس مدرسہ عربیہ رائے ونڈ مرکز میں تقرر ہوگیا۔چنانچہ آپ خود فرماتے ہیں :‘‘ ۱۹۷۱ء میں جب رائے ونڈ میں میرا تقرر ہورہا تھا تو میں نے حضرت اقدس حاجی عبد الوہاب سے رحمۃ اللہ علیہ سے دو تین دن کی مہلت مانگی کہ میں یہاں کا نظم و نسق دیکھ لوں کہ کیسا ہے؟ نیزیہ جگہ مستقل قیام پذیر ہونے کے قابل ہے یا نہیں؟چنانچہ جب میں نے یہاں کا نظم و نسق دیکھا تو بہت اعلیٰ پایا کہ یہاں ایک عمدہ درس گاہ کے ساتھ ساتھ ایک بہترین تربیت گاہ بھی ہے۔ اِس لئے میں نے یہاں مستقل قیام کرنے کے لئے ہاں کردی۔ حاجی صاحبؒ نے مجھے فرمایا کہ یہاں ہم تنخواہ وغیرہ کچھ بھی نہیں دیں گے! تو میں نے عرض کیا کہ: ‘‘ حضرت! دعائیں تو دیں گے نا؟ حاجی صاحبؒ نے فرمایا: ‘‘ ہاں! دعائیں بہت دیں گے!’’ اس کے بعد میں رائے ونڈ میں مستقل طور پر اقامت پزیر ہوگیا۔’’ (درسِ ترمذی ۲۰۰۷ء)
مولانا نذر الرحمن صاحب رحمۃ اللہ علیہنے مدرسہ عربیہ رائے ونڈ مرکز میں شروع شروع میں کچھ عرصہ شعبۂ حفظ میں اپنی خدمات انجام دیں۔ اور پھر اُس کے بعد دیگر علوم و فنون کی مختلف کتابیں پڑھانی شروع کردیں۔ مدرسہ عربیہ رائے ونڈ مرکز میں دورۂ حدیث شروع ہونے سے پہلے ‘‘تفسیر جلالین’’ اور مشکوٰۃ المصابیح’’ آپ کے زیر تدریس تھیں۔ ۱۹۹۹ء میں جب رائے ونڈ میں باقاعدہ دورۂ حدیث شروع ہوا تو آپ کے حصہ میں ‘‘صحیح مسلم’’ ‘‘ جامع ترمذی’’ اور ‘‘شمائل ترمذی’’ آئیں۔ چنانچہ ۲۰۰۷ء میں ہم نے یہ تینوں کتابیں مکمل آپ ہی سے پڑھیں۔
مولانا نذر الرحمن صاحب رحمۃ اللہ علیہ ایک قابل استاذ، کہنہ مشق مدرس اور علم میں بلند مقام کی حامل شخصیت ہیں۔ تمام علوم و فنون کی کتابوں میں مشکل اور پیچیدہ مقامات کو حلوہ بناکر کھلانا آپ کے درس کا وطیرۂ خاص ہے۔۲۰۱۴ء میں استاذِ محترم حضرت مولانا جمشید علی خان صاحب رحمہ اللہ کی وفات کے بعد آپ کے حصہ میں ‘‘صحیح بخاری جلد اوّل’’ اور استاذِ محترم حضرت مولانا محمد احسان الحق صاحب رحمۃ اللہ علیہ کے حصہ میں ‘‘صحیح بخاری جلد ثانی’’ آئی، جو آپ تاہنوز پڑھاتے رہے اور اس طرح آپ شیخ الحدیث جیسے عظیم الشان بلند مقام پر فائز ہوگئے تھے۔
مولانا نذر الرحمن صاحب رحمۃ اللہ علیہ رائے ونڈ مرکز کی گوناگوں مصروفیات، ذاتی اعذار اور پیرانہ سالی کے باوجود انتہائی اہتمام، جاں فشانی اور لگن سے درس دیتے تھے اور اس دوران بیماری، مشقت اور تکلیف نام کی کسی چیز کو خاطر میں نہیں لاتے تھے۔
خوب یاد پڑتا ہے کہ ۱۹۹۹ء میں جب مدرسہ عربیہ رائے ونڈ میں باقاعدہ دورۂ حدیث کا آغاز ہوا تو آپ کے جسم پر ایک چنبل جیسا ناسور پھوٹ پڑا، جس سے چلنام پھرنا دُشوار ہوگیا، لیکن اس دوران بھی آپ وہیل چیئر پر بیٹھ کر درس گاہ تشریف لاتے رہے اور درس کا ناغہ نہیں ہونے دیا۔ اسی طرح ہمارے دورۂ حدیث کے سال ۲۰۰۷ء میں آپ کا ہرنیہ کا آپریشن ہوا ۔ ڈاکٹروں نے ایک ماہ مسلسل چلنے پھرنے، بولنے چالنے اور اسباق وغیرہ پڑھانے سے منع کردیا تھا، لیکن اس کے باوجود آپ وہیل چیئر پر بیٹھ کر درس گاہ تشریف لاتے اور سبق پڑھاتے۔
اللہ تعالیٰ نے آپ کو علم و فضل ، تقویٰ و طہارت اور خشیت و للہیت میں سے وافر حصہ عطا فرما رکھا ہے۔یہی وجہ ہے کہ جب کوئی مشکل ، مغلق اور پیچیدہ مسئلہ کسی طرح سے نہ سلجھ رہا ہو یا کوئی عقدہ نہ کھل رہا ہو تو آپ کی خدمت میں حاضر ہونے سے وہ حل ہوجاتا ہے۔چنانچہ استاذِ محترم حضرت مولانا عبد الرحمن خان صاحب رحمۃ اللہ علیہ فرماتے ہیں : ‘‘جب بھی کوئی علمی بات سمجھ میں نہیں آتی تو مولانا نذر الرحمن صاحب رحمۃ اللہ علیہ کی خدمت میں حاضر ہوجاتے ہی سمجھ میں آجاتی ہے۔ اگر ایسے سمجھ نہ آئے تو آپ کے سامنے عبارت پڑھنے سے سمجھ آجاتی ہے۔ اور اگر اس طرح بھی سمجھ نہ آئے تو پھر آپ سے دریافت کرنا پڑتا ہے، لیکن ایسا بہت کم ہوتا ہے۔’’
دورانِ درس یا انفرادی ملاقات میں آپ‘‘ ترکِ مالا یعنی’’ سے بچنے کی خوب ترغیب دیتے ہیں۔ آپ کی طبیعت اسراف اور فضول خرچی سے اس قدر مکدر ہوتی ہے کہ‘‘ اسراف فی المال’’ تو درکنار اسراف فی الکلام بھی آپ کے لئے سخت ناگوار بلکہ اذیت ناک ہوتا ہے۔
آپ کی اِن ہی خصائل حمیدہ و شمائل جمیلہ کے پیش نظر حضرت اقدس حاجی عبد الوہاب صاحب رحمۃ اللہ علیہ نے اپنے جانے کے بعد پاکستان میں دعوت و تبلیغ کے نازک ترین مگر عظیم الشان کام کی امارت کے لئے اپنی حیات مبارکہ ہی میں آپ کے نام کا انتخاب فرمادیا تھا۔ اور اپنی وفات سے کچھ ہی عرصہ قبل یہ وصیت فرمادی تھی کہ: ‘‘ میرے بعد تبلیغی جماعت پاکستان کے امیر مولانا نذر الرحمن صاحب ہوں گے!’’
آج مولانا نذر الرحمن صاحب رحمۃ اللہ علیہ ہم میں نہیں رہے بلکہ وہ رحمن کی نذر ہوگئے ہیں۔ اللہ تعالیٰ سے دُعاء ہے کہ وہ آپ کی کامل مغفرت فرمائے، آپ کی خدمات کو اپنی بارگاہ میں قبول فرمائے ۔ سیئات سے درگزر فرمائے ۔ اور ہم جیسے نالائقوں کو اُن کی زندگی کا کوئی حصہ عطا فرمادے تو زہے نصیب!
٭٭٭


