اپنی دُکان، اپنی قیمتیں
شیئر کریں
ہماری زندگی بھی عجیب تماشا ہے ۔ ہم نے حلال اور حرام کے پیمانے بھی اپنی سہولت، پسند اور ضرورت کے مطابق بنا رکھے ہیں۔ جس چیز سے ہمیں نفرت ہو، اسے حرام کہہ کراس سے دور بھاگتے ہیں اور جس چیز سے فائدہ ملتا ہو، اس کے لیے سو تاویلیں تلاش کرلیتے ہیں۔ ہماری مذہبی غیرت بھی کبھی کبھی عجیب انتخاب کرتی ہے ، کچھ معاملات میں فوراً جاگ جاتی ہے اور کچھ معاملات میں آنکھیں بند کرکے سو جاتی ہے ۔ہم کتے ، سور اور گدھے کا گوشت کھانے کا تصور بھی نہیں کرسکتے ۔ ان جانوروں کا نام سن کر ہی ہمارے چہرے کے تاثرات بدل جاتے ہیں۔ ہم فخرسے بتاتے ہیں کہ مسلمان ہیں، حرام نہیں کھاتے ،کیا رشوت،بدعنوانی،قومی خزانے کی لوٹ مار، اورکسی کا حق چھین کر جب دستر خوان سجاتے ہیں کیا وہ حرام نہیں ؟
حلال کی پہچان صرف پلیٹ میں پڑی ہوئی چیز سے نہیں، اسے حاصل کرنے کے طریقے سے بھی ہوتی ہے ۔ہماری ایک اور دلچسپ عادت ہے ۔ ہم بعض حرام کاموں کو اتنی آسانی سے قبول کرلیتے ہیں کہ کبھی احساس تک نہیں ہوتا کہ ہم کس راستے پر چل رہے ہیں۔ شراب کے جام اٹھائے بیٹھے ہوں گے ، محفل میں قہقہے لگ رہے ہوں گے ، لیکن اگر کوئی میزبان ساتھ سور کا گوشت پیش کردے تو فوراً مذہبی اصول یاد آجائیں گے ۔ ہم کہیں گے ، یہ کیسے ہوسکتا ہے ، یہ تو حرام ہے !! مگر اسی لمحے اپنے ہاتھ میں پکڑے ہوئے شراب کے جام کو دیکھنے کی ضرورت محسوس نہیں ہوگی۔ گویا حرام بھی ہماری پسند اور ناپسند کے تابع ہے ۔مذہب نے حلال و حرام کے اصول ہماری سہولت کیلئے نہیں، ہماری اصلاح کیلئے مقرر کیے ہیں۔ یہ کوئی بازار نہیں جہاں اپنی پسند کی چیزیں خرید لی جائیں اور ناپسندیدہ چیزیں چھوڑ دی جائیں۔ نہ ہی یہ کوئی ایسی دکان ہے جہاں ہر شخص اپنی مرضی کا نرخ اور اپنا الگ معیار مقرر کرلے ، لیکن ہم نے شاید اپنی ہی ایک دکان کھول رکھ ہے ، جہاں حرام اور حلال کی قیمتیں بھی اپنی مرضی سے لگائی جاتی ہیں۔
اب ذرا ہمارے معاشرے کی چند تصویریں دیکھیے ۔ ایک صاحب سرکاری دفتر میں بیٹھے ہیں۔ رشوت کے بغیرکوئی کام نہیں کرتے ، بچوں کیلئے گوشت خریدتے ہیں اور بڑے اطمینان سے دسترخوان پر بیٹھ جاتے ہیں۔ کسی نے پوچھ لیا کہ یہ پیسہ کہاں سے آیا تو جواب ملے گا، صرف تنخواہ میں گھر نہیں چلتا۔ گویا مہنگائی نے رشوت کو جائز اور مجبوری نے بدعنوانی کو حلال قرار دے دیا۔ایک صاحب قومی خزانے سے کروڑوں روپے نکال لیتے ہیں،پھر کسی تقریب میں مذہبی گفتگو بھی کرتے ہیں، خیرات بھی دیتے ہیں اور حج و عمرے کی تصاویر بھی سوشل میڈیا پر لگاتے ہیں،لیکن کوئی یہ نہیں پوچھتا کہ صاحب !! جس دولت سے آپ نے یہ نیکیاں خریدی ہیں، اس کا حساب بھی کبھی دیا ہے ؟ ایک طرف بھتہ خور کسی دکاندار سے زبردستی رقم وصول کرتا ہے ، دوسری طرف وہی رقم گھر لے جاکر بچوں کیلئے کھلونے خریدتا ہے ۔ دکاندار کی بددعائیں اس کے گھر تک نہیں پہنچتیں، لیکن بچوں کی خوشیاں ضرور پہنچ جاتی ہیں۔
اسے شاید یہ خیال بھی نہیں آتا کہ جس رقم سے وہ اپنے بچوں کے چہروں پر مسکراہٹ خرید رہا ہے ، اسی رقم نے کسی دوسرے باپ کے گھر کا سکون چھین لیا ہے ۔اور پھر ہماری تقریبات دیکھیے ۔ شادیوں میں لاکھوں روپے اڑائے جاتے ہیں، مہنگے کھانے ، قیمتی لباس اور شاہانہ انتظامات ہوتے ہیں۔ کسی کو یہ پوچھنے کی فرصت نہیں کہ اتنی دولت کہاں سے آئی؟ البتہ اگر کھانے میں کوئی ایسی چیز شامل ہوجائے جسے ہم حرام سمجھتے ہیں تو پورا خاندان ناراض ہوجاتا ہے ۔ ہم سمجھتے ہیں کہ چند مذہبی رسومات، کچھ خیرات اور چند نیک کام ہمارے سارے حساب برابر کردیں گے ،ہم نے شاید حرام سے بچنے کے بجائے حرام کے ساتھ رہنے کے طریقے سیکھ لیے ہیں۔
اب اس تصویر کا دوسرا رخ بھی دیکھیے ۔ یہ بیماری صرف ایوانوں، دفتروں، بڑے عہدوں اور دولت مند گھروں تک محدود نہیں رہی۔ معاشرے کا عام آدمی بھی اپنی استطاعت کے مطابق اسی دکان سے خریداری کرتا دکھائی دیتا ہے ۔ کوئی بجلی کا کنڈا ڈال کر بجلی چوری کرتا ہے، کوئی سرکاری پانی کا ناجائز استعمال کرتا ہے ، کوئی دکان پر کم تولتا ہے ، کوئی ملاوٹ کرکے لوگوں کی صحت سے کھیلتا ہے ، کوئی ٹریفک قوانین توڑ کر اسے اپنی ہوشیاری سمجھتا ہے ۔ معمولی سا فائدہ مل جائے تو اصول پیچھے رہ جاتے ہیں، ہمیں یہ سمجھنا ہوگا کہ بدعنوانی صرف کروڑوں روپے کی لوٹ مار کا نام نہیں۔ کسی کا حق دبانا، کسی کو دھوکہ دینا، امانت میں خیانت کرنا اور ناجائز فائدہ اٹھانا بھی اسی اخلاقی بیماری کی مختلف شکلیں ہیں۔ معاشرے میں خرابی اس وقت بڑھتی ہے جب غلط کام کرنے والا خود کو مجرم سمجھنے کے بجائے اپنے لیے جواز تراشنے لگتا ہے ۔ پھر یہی جواز اگلی نسل کو منتقل ہوتے ہیں۔اصل تبدیلی کسی ایک تقریر، نعرے یا قانون سے نہیں آئے گی۔ تبدیلی اس وقت آئے گی جب ہم اپنے حصے کی بددیانتی کو بھی اتنا ہی برا سمجھیں گے جتنا کسی دوسرے کی کرپشن کو سمجھتے ہیں۔ ہمیں حلال و حرام کیلئے اپنی الگ دکان چلانے کی ضرورت نہیں، جیسے کتے ،سور اور گدھے کا گوشت حرام ہے ،حرام کمائی سے خریدے جانیوالا بکرے کا گوشت بھی حرام ہے ۔
٭٭٭


