بھارت: 8 سال سے تنخواہوں سے محروم 13 اساتذہ کی خودکشی
شیئر کریں
بامبے ہائی کورٹ نے ٹرسٹ اور 8 ٹرسٹیوں کے اثاثے و بینک اکاؤنٹس منجمد کر دیے، حکام سے 19 نومبر تک ابتدائی رپورٹ طلب
بھارتی ریاست مہاراشٹر کے شہر پونے میں ایک بڑے تعلیمی ادارے کی جانب سے گزشتہ آٹھ برسوں سے تنخواہیں اور پنشن ادا نہ کیے جانے کے باعث شدید مالی بحران کا شکار تقریباً 13 اساتذہ نے خودکشی کر لی ہے، جس پر بامبے ہائی کورٹ نے شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے معاملے کی تحقیقات تین مرکزی ایجنسیوں کے سپرد کر دی ہیں۔ بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق پونے میں واقع ’سنگھ گڑھ ٹیکنیکل ایجوکیشن سوسائٹی‘ (ایس ٹی ای ایس) اور اس سے وابستہ 44 تعلیمی اداروں کے اساتذہ اور غیر تدریسی عملے کے مجموعی بقایاجات کی رقم 400 کروڑ روپے سے تجاوز کر چکی ہے۔
متاثرہ ملازمین کی جانب سے دائر تقریباً 220 درخواستوں پر سماعت کرتے ہوئے جسٹس جی ایس کلکرنی اور جسٹس اے ایم سیٹھنا پر مشتمل خصوصی بنچ نے ریمارکس دیے کہ اطلاعات کے مطابق ادارے کے تقریباً 13 اساتذہ خودکشی کر چکے ہیں، حالات اس قدر سنگین ہیں کہ عدالت خاموش تماشائی بن کر نہیں رہ سکتی۔ عدالت نے ادارے کی انتظامیہ کے طرزِ عمل کو ’عدالتی ضمیر کو جھنجھوڑنے والا‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ انتظامیہ نے دیوالی سے قبل 60 کروڑ روپے ادا کرنے کی یقین دہانی کرا کے وعدہ خلافی کی اور کسی پروا کے بغیر عدالتی احکامات کی خلاف ورزی کی ہے۔ بینچ نے قرار دیا کہ اس بات کا قوی امکان ہے کہ ملازمین کی تنخواہوں کے فنڈز میں خورد برد کر کے انہیں دوسرے کاروبار میں لگایا گیا یا بیرونِ ملک منتقل کیا گیا ہے۔
منی لانڈرنگ اور مالی بے ضابطگیوں کے سنگین خدشات کے پیش نظر بامبے ہائی کورٹ نے مرکزی تفتیشی بیورو (سی بی آئی)، انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) اور محکمہ انکم ٹیکس کو تحقیقات کا حکم دیتے ہوئے 19 نومبر تک ابتدائی رپورٹ طلب کر لی ہے۔ علاوہ ازیں عدالت نے تحقیقات مکمل ہونے تک ٹرسٹ اور اس کے ٹرسٹیوں کے تمام بینک کھاتے، سرمایہ کاری اور جائیدادیں منجمد کرنے کا حکم صادر کیا ہے، جبکہ عدالتی احکامات پر عمل درآمد نہ کرنے پر ادارے کے 8 ٹرسٹیوں کو توہینِ عدالت کے شوکاز نوٹس بھی جاری کر دیے ہیں۔


