اگرپانی بول سکتا۔۔۔
شیئر کریں
اگر پانی کو زبان مل جائے تو شاید وہ سب سے پہلے انسان کے چہرے کی طرف دیکھ کرکہے ، تم روزانہ اپنا منہ دھوتے ہو، کبھی اپنا دل بھی دھو کر دیکھو۔ تمہیں اپنے چہرے پرجمی گرد تو نظر آجاتی ہے ، مگر دل پر جمی نفرت، حسد، لالچ اورکینہ دکھائی نہیں دیتا۔ تم آئینے کے سامنے کھڑے ہوکراپنی شکل سنوارتے ہو، مگر کبھی اپنے کردار کے سامنے کھڑے ہونے کی ہمت بھی کیا کرو۔ پانی شاید انسان سے کہے ، عجیب مخلوق ہو تم !!
میں تمہارے گھرمیں آتا ہوں تو تم مجھے فلٹر کرتے ہو، ابالتے ہو، چھانتے ہو، صاف کرتے ہو، مگراپنے اندرجمع گندگی کو صاف کرنے کی کبھی کوشش نہیں کرتے ، تمہیں پینے کیلئے صاف پانی چاہیے ، لیکن دوسروں کیلئے تمہارے الفاظ زہر سے بھرے ہوتے ہیں۔ تمہارا جسم میرے بغیر چند دن نہیں گزارسکتا، مگرتمہارا دل محبت کے بغیرپوری زندگی گزاردیتا ہے۔
اگر پانی بول سکتا تو شاید سیاست دانوں سے بھی کچھ سوال کرتا۔ کہتا، تم وعدوں کی بارش تو بہت کرتے ہو، کبھی عوام کے گھروں تک پانی بھی پہنچایا کرو۔ میں دریاؤں سے نکل کر سمندر تک پہنچ جاتا ہوں، مگرتمہاری فائلیں ایک میز سے دوسری میز تک نہیں پہنچ پاتیں۔ تم نے پانی کے منصوبوں پر اتنے اجلاس کیے کہ پیاسے لوگوں کی کئی نسلیں گزرگئیں۔ میرے نام پر ٹینکرچلتے ہیں، ٹینکر مافیا پلتا ہے ، مگر جس بستی میں میرے لیے سب سے زیادہ دعائیں ہوتی ہیں، وہاں میری ایک بوند بھی مشکل سے پہنچتی ہے ۔وہ امیر کے سوئمنگ پول میں اترتے ہوئے شاید غریب کی خالی بالٹی کو یاد کرتا اور کہتا، انسان!! تم نے بھی کیا خوب انصاف قائم کیا ہے ۔ کسی کے لان میں گھاس کو روزانہ پانی ملتا ہے اور کسی کے گھر میں بچہ ایک گلاس پانی کیلئے ترستا ہے ۔ کسی کے غسل خانے میں پانی بہتا رہتا ہے اور کسی کی ماں دور سے مٹکا اٹھا کر لاتی ہے ، میں تو سب کیلئے یکساں ہوں، فرق تم نے اپنے نظام میں پیدا کیا ہے ۔
پانی شاید ان لوگوں سے بھی مخاطب ہوتا جو معمولی باتوں پر ایک دوسرے کا دل دکھاتے ہیں۔ کہتا، تمہارے آنسو بھی مجھ سے ملتے جلتے ہیں، مگر تم نے انہیں بھی کمزوری سمجھ لیا۔ کسی کی آنکھ میں آنسو دیکھ کر اسے گلے لگانے کے بجائے اس کی بے بسی کا مذاق اڑاتے ہو۔ یاد رکھو، آنسوؤں کا ذائقہ سب کا ایک جیسا ہوتا ہے ، چاہے آنکھ کسی بادشاہ کی ہو یا فقیر کی۔اورپھر شاید وہ انسان کے گھروں میں داخل ہوکر ایک عجیب سوال پوچھتا، تم نے اپنے گھر کی ہر چیز دھونے کا انتظام کررکھا ہے ، برتن دھونے کے لیے الگ جگہ، کپڑے دھونے کیلئے مشین، فرش صاف کرنے کیلئے الگ سامان، مگررشتوں پر جمی گرد صاف کرنے کا کوئی انتظام کیوں نہیں کیا؟ بہن بھائی برسوں ایک دوسرے سے ناراض رہتے ہیں، باپ بیٹے کے درمیان خاموشی کی دیوار کھڑی ہوجاتی ہے ، دوست ایک غلط فہمی پراجنبی بن جاتے ہیں۔ تمہارے پاس پانی بہت ہے ، مگر دلوں کی دوریاں دھونے کیلئے چند محبت بھرے الفاظ نہیں ہیں۔پانی شاید ان لوگوں کے پاس بھی جاتا جنہوں نے قدرت کے اس انمول تحفے کو اپنی جاگیر سمجھ رکھا ہے ۔ وہ ان سے کہتا، تمہیں معلوم بھی ہے کہ میں کہاں سے آتا ہوں؟ کبھی بادل بن کر آسمان پرسفر کرتا ہوں،
کبھی پہاڑوں کی برف میں چھپ جاتا ہوں، کبھی چشموں سے پھوٹتا ہوں اور کبھی دریاؤں میں بہتا ہوا تمہارے گھروں تک پہنچتا ہوں۔ مگر تم نے میرے راستے میں کچرا پھینکا، دریاؤں کو گندا کیا، نہروں پر قبضے کیے اور زیر زمین پانی کو اس بے رحمی سے نکالا جیسے زمین تمہاری ذاتی ملکیت ہو۔ پھر جب کنویں خشک ہونے لگتے ہیں تو آسمان کی طرف دیکھ کر شکوے کرتے ہو۔
شاید وہ مساجد کے وضو خانوں میں بھی کچھ لوگوں سے کہتا، عبادت سے پہلے ہاتھ منہ دھونا اچھی بات ہے ، لیکن یاد رکھو، میرے قطرے بھی اللہ کی امانت ہیں۔ تم وضو کرتے ہوئے اتنا پانی بہا دیتے ہو کہ کسی پیاسے کا پورا دن گزر سکتا ہے ۔ عبادت میں بھی اعتدال بھول جاؤ گے تو مجھے کون بچائے گا؟ اورآخر میں شاید پانی انسان کے سامنے ہاتھ جوڑ کر کہے ، مجھے بچالو، کیونکہ میری کمی صرف تمہاری پیاس نہیں بڑھائے گی، تمہاری تہذیب، تمہاری زراعت اور تمہاری آنے والی نسلوں کے خواب بھی خشک کردے گی اور پھر پانی خاموش ہوجاتا۔ کیونکہ پانی کی سب سے بڑی خوبی یہ ہے کہ وہ زندگی دیتا ہے ، کسی سے بدلہ نہیں لیتا۔ لیکن انسان کو یہ سمجھنا ہوگا کہ قدرت کی خاموشی کو اس کی کمزوری نہ سمجھے ۔ جس دن پانی نے ساتھ چھوڑ دیا، اس دن دولت، عہدے ، محل، سیاست اور طاقت سب پیاس کے سامنے بے بس ہوں گے ۔ اگر پانی کو زبان مل جائے تو وہ انسان کو یہ ضرور کہے ، تم دنیا میں اپنی پیاس بجھانے آئے تھے ، دوسروں کے حصے کا پانی چھیننے نہیں۔
٭٭٭


