میر رضا کیس، والد کا احتجاج جاری رکھنے کا اعلان
شیئر کریں
جوڈیشل کمیشن کی رپورٹ میں جے آئی ٹی بنانے کی سفارش
میر حسین کا پولیس افسران کی غفلت کی تحقیقات کا بھی مطالبہ
میر رضا کیس میں جوڈیشل کمیشن کی رپورٹ سامنے آنے کے بعد مقتول کے والد میر حسین نے احتجاج جاری رکھنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ مشترکہ تحقیقاتی ٹیم (جے آئی ٹی) کی تشکیل کے بعد آئندہ کے لائحہ عمل کا فیصلہ کیا جائے گا۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے میر حسین نے جوڈیشل کمیشن کی رپورٹ کا خیرمقدم کیا اور انصاف کی فراہمی کے لیے کردار ادا کرنے پر وزیراعلیٰ سندھ، فریال تالپور اور متعلقہ جج کا شکریہ ادا کیا۔
انہوں نے کہا کہ وہ اور ان کا خاندان ابتدا ہی سے کیس کی تحقیقات کے لیے جے آئی ٹی بنانے کا مطالبہ کرتے رہے ہیں، جبکہ رپورٹ میں بھی جے آئی ٹی کی تشکیل کی سفارش کی گئی ہے۔
مقتول کے والد نے دعویٰ کیا کہ رپورٹ میں واقعے کے خودکشی کے بجائے قتل ہونے کے پہلو کو بھی اجاگر کیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ جے آئی ٹی کی تشکیل کے لیے اپنی جانب سے بھی بعض نام تجویز کیے ہیں۔
میر حسین کے مطابق جوڈیشل کمیشن کی رپورٹ سے سندھ پولیس کی تفتیش میں سنگین غفلت اور کوتاہیوں کی نشاندہی ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ رپورٹ میں ان پولیس افسران کے کردار کی تحقیقات کرنے کی سفارش بھی کی گئی ہے جن کی مبینہ غفلت کے باعث کیس کی تفتیش متاثر ہوئی۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ وزیراعلیٰ سندھ اور ان کی قائم کردہ چار رکنی کابینہ کمیٹی اس معاملے پر جلد مؤثر کارروائی کریں گے۔ میر حسین نے واضح کیا کہ انصاف کے حصول تک احتجاج جاری رہے گا اور جے آئی ٹی کے قیام کا باضابطہ اعلان ہونے کے بعد آئندہ کا لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔


