کوہاٹ پولیس لائنز دھماکا، شہدا کی تعداد 22 ہو گئی
شیئر کریں
کوہاٹ کے اولڈ پولیس لائنز دھماکے کے مقام سے 1 اور پولیس اہلکار کی لاش ڈی ایچ کیو اسپتال منتقل کر دی گئی جس کے بعد شہدا کی تعداد 22 ہو گئی ہے۔
میڈیکل سپرنٹنڈنٹ کوہاٹ ہسپتال ڈاکٹر طاہر شاہ کے مطابق شہدا میں لیاقت میموریل اسپتال کے چیف ڈسٹرکٹ اسپیشلسٹ ڈاکٹر اسرائیل خان اورکزئی بھی شامل ہیں۔ واضح رہے کہ پولیس لائنز مسجد دھماکے اور حملے میں 100 سے زائد افراد زخمی ہیں، جبکہ شہدا میں 16 پولیس اہلکار اور 6 شہری شامل ہیں۔
شہدا میں ایس پی ٹریفک اکبر شنواری اور 2 پولیس اہلکار بھائی نعمت اللہ اور محرر عصمت اللہ بھی شامل ہیں جن کا تعلق لکی مروت سے تھا۔
دہشت گردوں نے بارود سے بھری گاڑی پرانی پولیس لائنز کے گیٹ سے ٹکرائی، جس کے بعد دھماکا ہوا اور فائرنگ شروع ہو گئی۔
دہشت گردوں نے پولیس لائنز کی عمارت میں در اندازی کی کوشش کی تاہم پولیس اور سی ٹی ڈی کے اہلکاروں نے بھر پور مقابلہ کیا۔مشترکہ آپریشن میں حملہ آوروں میں شامل اسنائپر سمیت تمام 6 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا گیا۔


