میر رضا کے والد کا انصاف کے لیے آخری دم تک لڑنے کا اعلان
شیئر کریں
جو بات پہلے دن سے کہہ رہے تھے جوڈیشل کمیشن نے بھی وہی بتایا
بیٹے کی قبر کشائی کی ہے، انصاف لے کر رہیں گے، میر حسین
کراچی میں قتل ہونے والے نوجوان میر رضا علی خان کے والد میر حسین نے کہا ہے کہ وہ اپنے بیٹے کے قتل کے معاملے میں انصاف کے لیے آخری دم تک جدوجہد جاری رکھیں گے، ہم نے اپنے بیٹے کی قبر کشائی کی ہے اور انصاف لے کر رہیں گے۔مقتول میر رضا علی خان کے چہلم کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے میر حسین نے کہا کہ 40 دن کیسے گزر گئے، پتا ہی نہیں چلا، ہم پہلے دن سے انصاف کے لیے لڑ رہے ہیں اور آخری دم تک لڑتے رہیں گے۔
انہوں نے کہا کہ آج ہم احتجاج نہیں کریں گے، چہلم کے باعث احتجاج ختم کرنے کا اعلان کیا ہے، دعا کریں کہ میر رضا کو انصاف مل جائے۔میر حسین نے کہا کہ ہماری پوری کوشش ہے کہ مشترکہ تحقیقاتی ٹیم (جے آئی ٹی) تشکیل دی جائے۔ جو بات ہم شروع سے کہہ رہے ہیں، جوڈیشل کمیشن نے بھی وہی بتایا ہے۔ جب پہلے دن ہی معلوم ہوگیا تھا کہ یہ قتل ہے تو کیس کا رخ تبدیل کرنے کی کوشش کیوں کی گئی؟انہوں نے کہا کہ ہم نے جے آئی ٹی کا مطالبہ کیا تو معاملہ جوڈیشل کمیشن میں لے جایا گیا۔
ہم نے اپنے بیٹے کی قبر کشائی کی ہے اور انصاف لے کر رہیں گے۔ مقتول کے والد نے کہا کہ معاملے کی مزید تفصیلات سامنے آتی جارہی ہیں اور جو باتیں ہم پہلے دن سے کہہ رہے تھے، وہ بھی سامنے آرہی ہیں۔ ان کے مطابق ڈاکٹر اسامہ سمیت جوہر تھانے کی مبینہ غفلت بھی سامنے آئی ہے۔میر حسین نے کہا کہ میر رضا کے پارٹنر جو چاہیں کہیں، اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا، ہماری توجہ اپنے بیٹے کے قتل میں انصاف کے حصول پر مرکوز ہے۔


