میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
سندھ بلڈنگ، رہائشی پلاٹوں پر کمرشل تعمیرات، اداروں کی کارکردگی پر سوالات

سندھ بلڈنگ، رہائشی پلاٹوں پر کمرشل تعمیرات، اداروں کی کارکردگی پر سوالات

جرات ڈیسک
هفته, ۲۹ اگست ۲۰۲۶

شیئر کریں

شاہ فیصل ٹاؤن میں نمبر 3پلاٹ نمبر A157پر دکانیں اور کمرشل یونٹس، مکین ناراض

اسسٹنٹ ڈائریکٹر عزیر امتیاز اور بلڈنگ انسپکٹر عمران آرائیں کا تعمیراتی مافیا سے گٹھ جوڑ

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

ضلع کورنگی شاہ فیصل ٹاؤن کے رہائشی علاقوں میں مبینہ کمرشل تعمیرات کے بڑھتے ہوئے رجحان نے شہریوں میں تشویش پیدا کردی ہے ۔ علاقہ مکینوں کے مطابق 3 نمبر کے رہائشی پلاٹ A157 پر رہائشی استعمال کے بجائے دکانوں اور دیگر کمرشل یونٹس کی تعمیرات کا سلسلہ جاری ہے ، جبکہ اب مبینہ طور پر تیسری منزل کی تعمیر بھی کی جارہی ہے ، جس سے علاقے میں بلڈنگ قوانین اور منظور شدہ نقشوں پر عملدرآمد کے حوالے سے سوالات اٹھنے لگے ہیں۔

مقامی ذرائع، زمینی حقائق کے مطابق مذکورہ پلاٹ پر کمرشل نوعیت کی تعمیرات کے باعث نہ صرف رہائشی ماحول متاثر ہونے کا خدشہ ہے بلکہ پارکنگ، ٹریفک، نکاسی آب اور بنیادی شہری سہولیات پر بھی اضافی دباؤ پڑ سکتا ہے ۔ مکینوں کا کہنا ہے کہ رہائشی علاقوں میں اس نوعیت کی تعمیرات سے مستقبل میں پورے علاقے کی شہری ساخت متاثر ہونے کا امکان ہے۔

شہری حلقوں نے الزام عائد کیا ہے کہ متعلقہ افسران کی مبینہ چشم پوشی کے باعث تعمیراتی سرگرمیوں کو روکنے کے بجائے انہیں جاری رہنے کا موقع مل رہا ہے ۔ اس سلسلے میں اسسٹنٹ ڈائریکٹر عزیر امتیاز اور بلڈنگ انسپکٹر عمران رمضان آرائیں پر بھی تعمیراتی عناصر سے مبینہ ملی بھگت کے الزامات سامنے آئے ہیں۔ تاہم ان الزامات کی آزادانہ طور پر تصدیق نہیں ہوسکی۔علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ اگر پلاٹ پر تعمیرات منظور شدہ نقشے ، زمین کے استعمال اور متعلقہ بلڈنگ قوانین کے برخلاف ہیں تو ذمہ دار افراد کے خلاف بلاامتیاز کارروائی ہونی چاہیے ۔

مکینوں نے مزید مطالبہ کیا کہ اگر تعمیرات غیرقانونی ثابت ہوں تو انہیں روکنے کے ساتھ ساتھ ذمہ دار افسران اور تعمیراتی عناصر کے کردار کا بھی تعین کیا جائے ، تاکہ رہائشی علاقوں میں کمرشل تعمیرات کے رجحان کو روکا جاسکے۔ دوسری جانب متعلقہ افسران کا مؤقف سامنے آنے پر اسے بھی خبر کا حصہ بنایا جائے گا۔
سندھ بلڈنگ


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں