سندھ سالڈ ویسٹ، سندھ سرکار کے کچرا اُٹھانے پر40 ارب 37 کروڑ خرچ
شیئر کریں
کچراری سائیکل کرنے کے لیے 6اسٹیشن ابھی تعمیر ہونے ہیں،کچرا جگہ جگہ موجود
اربوں روپے خرچ کرنے کے باوجود جناح اسپتال کے سامنے کچرے کے ڈھیر
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ نے گزشتہ مالی سال میں 40ارب 37کروڑ روپے کچرا اُٹھانے اور ری سائیکل کرنے پر خرچ کردیے،
جبکہ کراچی،حیدرآباد اور سکھر میں کچرا منتقل کرنے کے اسٹیشن کی تعمیر میں بھی پیش رفت نہ ہو سکی، کراچی میں جناح اسپتال سمیت دیگر مقامات پر کچرے کے ڈھیر موجود ہیں۔
جرأت کی رپورٹ کے مطابق پیپلز پارٹی کی حکومت سندھ نے کراچی، حیدرآباد اور سکھر سمیت بڑے شہروں میں کچرا، اٹھانے اور کچراکو ری سائیکل کر کے کارآمد اشیاء بنانے کے لئے سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کے نام سے ادارہ قائم کیا،
یہ ادارہ سال 2014میں بنایا گیا اور بعد میں سال 2021میں قوانین میں ترمیم کرکے حیدرآباد، سکھر، میرپورخاص، لاڑکانہ اور بینظیرآباد میں بھی بورڈ کے ڈویژنل ہیڈکوارٹر قائم کیے گئے۔
سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کو مالی سال 2024-25 میں 28؍ارب 37کروڑ 50 لاکھ روپے جاری کیے ، بورڈ نے سو فیصد رقم خرچ کرلی، گزشتہ مالی سال 2025-26 میں بھی سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کے لئے 28 ارب 37 کروڑ روپے مختص کر کے جاری کئے لیکن بورڈ نے اربوں روپے کی رقم مالی سال ختم ہونے سے پہلے خرچ کردی جس کے بعد حکومت سندھ نے اضافی 12ارب روپے سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کو جاری کئے اور یہ رقم بھی بورڈ نے خرچ کردی اس طرح بورڈ نے کراچی، حیدرآباد اور سکھر میں کچرا اٹھانے اور ری سائیکل کرنے پر گذشتہ مالی سال میں 40 ارب 37 کروڑ 50 لاکھ روپے خرچ کیے ہیں۔
سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کی جانب سے اربوں روپے خرچ کرنے کے باوجود جناح اسپتال کے سامنے کچرے کے ڈھیر ہوتے ہیں اور کچرا جلایا جاتا ہے ، صدر میں ایمپریس مارکیٹ کے قریب پرانے بس اڈے پر بھی کچرا موجود ہے ۔
کراچی میں منتقل کرنے اور ری سائیکل کرنے کے 6اسٹیشن میواشاہ، کورنگی کاز وے ، شرافی گوٹھ، سہراب گوٹھ، عیسیٰ نگری اور صفورا گوٹھ میں تعمیر ہونے ہیں، ایک ارب 66کروڑ روپے کی اسکیم سال 2015میں منظور کی گئی اور 11سال میں اسکیم پر صرف 22فیصد کام مکمل ہوا ہے ، کراچی کے علاقے جام چکرو اور سرجانی میں لینڈ فل سائیٹ تعمیر کرنے کی اسکیم سال2017میں منظور ہوئی ہے اور بورڈ نے اسکیم پر صرف 3 فیصد کام کیا ہے ،
سکھر میں لینڈ فل سائٹ کی اسکیم سال2020میں منظور ہوئی اور اس پر 43فیصد کام مکمل کیا گیا ہے ، کراچی میں سالڈ ویسٹ ایمرجنسی اینڈ افیشنسی پروگرام (سوئیپ) کی اسکیم سال 2021میں منظور کی گئی اور اس پر 13 فیصد کام مکمل ہوا ہے ، اس اسکیم کے لئے رواں مالی سال میں ایک ارب 8 کروڑ روپے مختص کئے گئے ہیں۔
(رپورٹَ :علی آزاد)


