میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
کراچی میٹروپولیٹن یونیورسٹی کے 112 ملازمین کی ترقی، پروموشن لیٹرز جاری

کراچی میٹروپولیٹن یونیورسٹی کے 112 ملازمین کی ترقی، پروموشن لیٹرز جاری

جرات ڈیسک
پیر, ۲۷ جولائی ۲۰۲۶

شیئر کریں

وائس چانسلر ڈاکٹر وسیم قاضی کی ملازمین کی خدمات کو سراہتے ہوئے  مبارک باد

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

کراچی میٹروپولیٹن یونیورسٹی کے گریڈ 1 سے 14 تک کے 112 ملازمین کو ترقی دے دی گئی۔

ترقی پانے والے ملازمین میں پروموشن لیٹرز تقسیم کرنے کی تقریب یونیورسٹی میں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر وسیم قاضی کی زیرِ صدارت منعقد ہوئی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر وسیم قاضی نے ترقی پانے والے تمام ملازمین کو مبارک باد دی اور کہا کہ ملازمین کسی بھی ادارے کی ترقی میں بنیادی کردار ادا کرتے ہیں۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ ترقی پانے والے ملازمین آئندہ بھی اسی محنت، لگن اور ذمہ داری کے ساتھ اپنے فرائض انجام دیتے رہیں گے۔

پروفیسر ڈاکٹر وسیم قاضی نے کہا کہ ان کا وژن ایسے اقدامات کو یقینی بنانا ہے جن سے لوگوں کو فائدہ پہنچے اور یونیورسٹی سے وابستہ افراد کی فلاح و بہبود کو بہتر بنایا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ ملازمین کی ترقی اور ان میں پروموشن لیٹرز کی تقسیم بھی اسی وژن کا حصہ ہے۔

وائس چانسلر نے کہا کہ ملازمین کی محنت اور خدمات کو تسلیم کرنا ادارے کی ذمہ داری ہے، جبکہ ترقی کے مواقع ملازمین کی حوصلہ افزائی کے ساتھ ساتھ ادارے کی کارکردگی بہتر بنانے میں بھی اہم کردار ادا کرتے ہیں۔

اس موقع پر وائس چانسلر نے ملازمین کے پروموشن سے متعلق تحفظات اور شکایات کے ازالے کے لیے ایک نمائندہ مقرر کرنے کا بھی اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی ملازم کو اپنے پروموشن لیٹر کے حوالے سے کوئی اعتراض یا شکایت ہو تو وہ 10 روز کے اندر مقرر کردہ نمائندے سے رابطہ کرکے اپنی درخواست جمع کراسکتا ہے۔

ترقی پانے والے ملازمین نے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر وسیم قاضی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ دو سال کی مختصر مدت میں پروموشن کے عمل کو مکمل کرنا قابلِ تحسین اقدام ہے۔ انہوں نے یونیورسٹی انتظامیہ کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس اقدام سے ملازمین میں خوشی اور اعتماد کی نئی لہر پیدا ہوئی ہے۔

اس موقع پر یونیورسٹی کے رجسٹرار نے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر وسیم قاضی کے وژن اور قیادت کو سراہتے ہوئے کہا کہ بعض ملازمین ایسے بھی تھے جو 28 سال سے ترقی کے منتظر تھے۔ انہوں نے بتایا کہ محکمانہ ترقیاتی کمیٹی (DPC) نے انتہائی ذمہ داری، محنت اور شفاف طریقے سے پروموشن کے عمل کو مکمل کیا، جس کے نتیجے میں طویل عرصے سے زیرِ التوا ملازمین کی ترقی کا عمل پایۂ تکمیل تک پہنچا۔

کراچی میٹروپولیٹن یونیورسٹی کی جانب سے ملازمین کی ترقی کا یہ اقدام ان کی خدمات کے اعتراف، حوصلہ افزائی اور پیشہ ورانہ ترقی کی جانب ایک اہم پیش رفت قرار دیا جارہا ہے۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں