شرجیل میمن اور پنجاب کے وزراء میں لفظی جنگ جاری
شیئر کریں
پنجاب پر تنقید کرنے سے پہلے اپنے صوبے کی حالت دیکھیں، صوبائی وزرا
شرجیل صاحب شاید کبھی پنجاب آئے نہیں، بلال ، ذیشان کی پریس کانفرنس
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
پنجاب کے صوبائی وزیر بلال یاسین اور صوبائی وزیر ہاؤسنگ ذیشان رفیق نے مشترکہ پریس کانفرنس میں سندھ کے وزیر شرجیل میمن کے بیانات پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ شرجیل میمن پنجاب پر تنقید کرنے سے پہلے اپنے صوبے کی حالت دیکھیں۔
ان کا کہنا تھا کہ شاید شرجیل میمن کبھی پنجاب آئے ہی نہیں، ورنہ وہ سندھ کو بھی پنجاب کی طرح بنانے کی کوشش کرتے۔ صوبائی وزرا نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی قیادت میں تمام ادارے بارش کے پانی کی فوری نکاسی کے لیے متحرک ہیں اور عوام کارکردگی کو خود دیکھ رہے ہیں۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ لوگ سندھ کو پنجاب اور کراچی کو لاہور جیسا بنانے کا مطالبہ کر رہے ہیں، اس لیے تنقید سے پہلے اپنے صوبے کی صورتحال پر توجہ دی جائے۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ برسوں میں لاہور، سیالکوٹ، گجرات اور اوکاڑہ میں اسی نوعیت کی بارشوں سے شہر زیر آب آ جاتے تھے، تاہم اس بار ہاؤسنگ اور بلدیاتی شعبے میں 500 ارب روپے کی سرمایہ کاری کے باعث حالات مختلف ہیں۔
ان کے مطابق سینٹرل پنجاب، سیالکوٹ، نارووال، گوجرانوالہ، گجرات اور دیگر علاقوں میں 250 ملی میٹر تک ریکارڈ بارش کے باوجود چند گھنٹوں میں پانی کی نکاسی ممکن بنائی گئی۔
صوبائی وزرا نے مزید کہا کہ پنجاب کے 67 شہروں میں 130 زیرِ زمین ذخیرہ آب ٹینک، ریورس ویلز، ڈسپوزل اسٹیشنز کی 6 ہزار 500 کیوسک اضافی استعداد اور ایک ہزار 100 نئی خصوصی مشینری کی شمولیت سے نکاسی آب کے نظام کو مضبوط بنایا گیا ہے، جو آئندہ 25 برس کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے منصوبہ بندی کا حصہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب کی کارکردگی زمین پر واضح نظر آ رہی ہے۔


