سال 2026 کے پہلے چھ ماہ صارفین نے 97 ارب گھنٹے نیٹ فلکس کا مواد دیکھا
شیئر کریں
2026کا نصف سال مکمل ہوتے ہی نیٹ فلکس نے اپنی رپورٹ جاری کر دی
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
ابھی سال 2026 کا نصف مکمل ہوا ہے کہ نیٹ فلکس نے اپنی رپورٹ جاری کر دی، جس میں سال کے پہلے6 ماہ کے دوران دنیا بھر میں سب سے زیادہ دیکھی جانے والی اوریجنل ویب سیریز کی فہرست سامنے آئی ہے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق اس عرصے میں صارفین نے مجموعی طور پر 97 ارب گھنٹے نیٹ فلکس کا مواد دیکھا، جبکہ مختلف انداز کی کہانیوں نے ناظرین کو اپنی جانب متوجہ رکھا۔نفسیاتی تھرلر پر مبنی سیریز His & Hers 104 ملین ویوز کے ساتھ پہلے نمبر پر رہی۔
مشہور اداکارہ ٹیسا تھامسن ایک رپورٹر جبکہ جان برنتھل ایک جاسوس کے کردار میں نظر آتے ہیں۔دونوں ایسے میان بیوی ہیں جو پہلے ہی علیحدگی اختیار کرچکے ہیں، لیکن ایک قتل کی تفتیش انہیں دوبارہ آمنے سامنے لے آتی ہے، جہاں وہ ایک دوسرے کو بھی شک کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔
رومانوی ڈرامہ Bridgerton کا چوتھا سیزن 100.2 ملین ویوز کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہا۔ اس بار کہانی خاندان کے دوسرے بیٹے بینیڈکٹ کے گرد گھومتی ہے، جو ایک پراسرار نقاب پوش خاتون سے محبت کر بیٹھتا ہے مگر بعد میں معلوم ہوتا ہے کہ وہ دراصل ایک ملازمہ ہے جس کی اپنی الگ کہانی اور خواب ہیں۔سام ورتھنگٹن کی اداکاری سے مزین تھرلر I Will Find You نے 63.9 ملین ویوز حاصل کیے۔
کہانی ایک ایسے باپ کی ہے جو اپنے بیٹے کے قتل کے الزام میں عمر قید کاٹ رہا ہوتا ہے، مگر اچانک اسے ایسے شواہد ملتے ہیں کہ اس کا بیٹا شاید زندہ ہے۔ اس کے بعد شروع ہوتی ہے سچ کی ایک خطرناک تلاش۔
نیٹ فلکس کی مقبول سائنس فکشن سیریز Stranger Things کا پانچواں اور آخری سیزن 55.6 ملین ویوز کے ساتھ چوتھے نمبر پر رہی۔ اس سیزن میں ایلیون اور اس کے دوست اپنے سب سے بڑے دشمنوں کے خلاف آخری اور فیصلہ کن جنگ لڑتے ہیں، جس کے ساتھ ہی تقریبا ایک دہائی پر محیط اس مقبول سیریز کا اختتام ہو جاتا ہے۔پانچویں نمبر پر آنے والی تھرلر Run Away نے 50.3 ملین ویوز حاصل کیے۔
کہانی ایک ایسے باپ کی ہے جس کی بیٹی اچانک لاپتا ہوجاتی ہے، جبکہ جس شخص کے ساتھ اسے آخری بار دیکھا گیا تھا وہ مردہ پایا جاتا ہے۔ اپنی بیٹی کی تلاش کے دوران باپ کو ایسے راز معلوم ہوتے ہیں جو پورے خاندان کی زندگی بدل دیتے ہیں۔
نیٹ فلکس کی تازہ رپورٹ سے واضح ہوتا ہے کہ 2026 میں بھی سنسنی خیز تھرلرز، رومانوی کہانیاں اور سائنس فکشن سیریز ناظرین کی اولین پسند بنی ہوئی ہیں، جبکہ مختلف اصناف پر مبنی یہ شوز دنیا بھر میں کروڑوں ویوز حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔
رومانس، کرائم اور سائنس فکشن کا راج، 2026 کی ٹاپ 5 نیٹ فلکس سیریز لازمی دیکھیں، اگر یہ 5 سیریز ابھی تک نہیں دیکھیں تو آپ بہت کچھ مس کر رہے ہیں۔


