ایم کیو ایم میں منافقین اور غداروں کی کوئی گنجائش نہیں،خالد مقبول کا مصطفی کمال پر وار
شیئر کریں
بعض اوقات جبر کی بات ماننا بھی سنت ہے، ہمیشہ کراچی کے مسائل پر ہر فورم پر بھرپور آواز بلند کی ہے اور اپنے دورِ اقتدار میں شہر میں ریکارڈ ترقیاتی کام کرائے ہیں
مصنوعی اکثریت کے ذریعے سندھ کے سو فیصد اقتدار پر قابض پیپلز پارٹی کے اقتدار کا سورج غروب ہو رہا ہے ، ڈاکٹر فاروق ستار ودیگر کاعوامی استقبالیہ سے خطاب
اہلیانِ برنس روڈ کی جانب سے دیے گئے عظیم الشان عوامی استقبالیہ سے خطاب کرتے ہوئے متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے چیئرمین ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ بعض اوقات جبر کی بات ماننا بھی سنت ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایم کیو ایم میں غداروں کی کوئی گنجائش نہیں، جبکہ منافقین اور غداروں کا فرق بالکل واضح ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم نے ہمیشہ کراچی کے مسائل پر ہر فورم پر بھرپور آواز بلند کی ہے اور اپنے دورِ اقتدار میں شہر میں ریکارڈ ترقیاتی کام کرائے ہیں۔
ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے شاندار استقبال اور بہترین انتظامات پر اہلیانِ برنس روڈ، تمام تاجر تنظیموں، مختلف انجمنوں اور مکاتبِ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد کا شکریہ ادا کیا۔
اس موقع پر ایم کیو ایم پاکستان کے سینئر رہنما ڈاکٹر فاروق ستارنے خطاب کرتے ہوئے برنس روڈ کے عوام کو خوشخبری دی کہ کے فورپانی کا منصوبہ دسمبر تک مکمل ہو جائے گا، جس کے بعد ان شا اللہ کراچی میں پانی کے بحران پر بڑی حد تک قابو پا لیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ آنے والا دور ایم کیو ایم پاکستان کا ہے۔رکنِ قومی اسمبلی **ڈاکٹر ارشد ووہرا** نے اپنے خطاب میں اپنے حلقے اور ملحقہ علاقوں میں کرائے گئے ترقیاتی کاموں کا تفصیلی ذکر کیا اور آئندہ بھی مزید ترقیاتی منصوبے مکمل کرانے کے عزم کا اظہار کیا۔ڈپٹی پارلیمانی لیڈر طہ احمد خان نے اپنے خطاب میں کہا کہ ایم کیو ایم پاکستان کے بغیر کسی بھی حکومت کا چلنا ناممکن ہے۔
مرکزی انچارج شعبہ خواتین مریم باجی نے اپنے خطاب میں خواتین کے مثالی کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایم کیو ایم پاکستان کی جدوجہد میں خواتین نے ہمیشہ نمایاں اور قابلِ فخر کردار ادا کیا ہے۔ برنس روڈ ٹاؤن انچارج عرفان اللہ خان نے اپنے خطاب میں کہا کہ برنس روڈ ہمیشہ سے ایم کیو ایم پاکستان کا مضبوط قلعہ رہا ہے اور آئندہ بھی رہے گا۔
انہوں نے کہا کہ برنس روڈ اپنے چیئرمین ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کے ساتھ پہلے بھی کھڑا تھا، آج بھی کھڑا ہے اور ہمیشہ کھڑا رہے گا۔اس عظیم الشان عوامی استقبالیہ میں ہزاروں افراد نے شرکت کی، جن میں خواتین کی بڑی تعداد بھی شامل تھی۔
اس موقع پر برنس روڈ کی مختلف تاجر تنظیموں، سماجی و فلاحی انجمنوں اور دیگر ایسوسی ایشنز کے نمائندگان بھی شریک ہوئے، جن میں جامعہ الائنس کے چیئرمین شیخ ارشاد،گل سینٹرکے صدرفیصل گل والا، تاجر رہنما سمیر قریشی، فوڈ اسٹریٹ برنس روڈکی تاجر تنظیم کے عہدیداران، مختلف تجارتی و سماجی تنظیموں کے نمائندگان اور برنس روڈ کے معززین کی بڑی تعداد شامل تھی۔


