سارو گنگولی اور اداکارہ نغمہ کے بریک اپ کی اصل وجہ سامنے آگئی
شیئر کریں
اس وقت کیریئر داؤ پر لگا ہوا تھا، اس لیے ہمیں الگ ہونا پڑا، نغمہ کاتعلق کا اعتراف
سابق بھارتی کرکٹر اور بی سی سی آئی کے سابق صدر سارو گنگولی اور اداکارہ نغمہ کے بریک اپ کی اصل وجہ سامنے آگئی جس کے مطابق ادا کارہ نغمہ نے ساروگنگولی سے تعلق کا اعتراف کرلیا ۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق سابق بھارتی کرکٹر اور بی سی سی آئی کے سابق صدر سارو گنگولی اپنی شاندار کپتانی اور ریکارڈز کے باعث کرکٹ کی دنیا کا ایک بڑا نام ہیں۔
انہوں نے بھارتی ٹیم کو 2002 کی آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی جتوائی اور 2003 کے ورلڈ کپ کے فائنل تک پہنچایا تاہم ان کی پیشہ ورانہ زندگی کے ساتھ ساتھ ان کی ذاتی زندگی بھی 2000 کی دہائی کے آغاز میں میڈیا کی توجہ کا مرکز بنی رہی جس کی وجہ اداکارہ سے سیاستدان بننے والی نغمہ کے ساتھ ان کا مبینہ افیئر تھا۔
سارو گنگولی نے 1997 میں اپنی بچپن کی محبت ڈونا رائے سے شادی کی تھی اور 2001 میں ان کے ہاں بیٹی ثنا گنگولی کی پیدائش ہوئی لیکن اسی دوران میڈیا میں یہ خبریں گرم ہو گئیں کہ سارو گانگولی اور نغمہ کے درمیان قریبی تعلقات ہیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق دونوں کو اکثر ایک ساتھ دیکھا جاتا تھا اور وہ تصاویر بنوانے سے بھی نہیں ہچکچاتے تھے۔ اس وقت میڈیا میں یہاں تک دعوے کیے گئے کہ سارو گنگولی نغمہ کی محبت میں اس حد تک مبتلا ہیں کہ وہ ڈونا کو طلاق دے کر نغمہ سے شادی کرنے کے لیے تیار ہیں،
اگرچہ اس وقت دونوں میں سے کسی نے بھی اس پر کھل کر بات نہیں کی تھی تاہم پھر اچانک اس جوڑی کا بریک اپ ہو گیا۔
اس علیحدگی کی سب سے بڑی وجہ سارو گنگولی کی کرکٹ فیلڈ پر گرتی ہوئی کارکردگی اور عوامی دباؤ بنا۔ اس افیئر کے دوران گنگولی کی فارم خراب ہو گئی اور شائقین سمیت میڈیا نے ان کی خراب کارکردگی کا ذمہ دار نغمہ اور اس افیئر کو ٹھہرانا شروع کر دیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق دوسری طرف نغمہ کو بھی شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا کہ وہ ایک اسٹار کرکٹر کا کیریئر خراب کر رہی ہیں۔بریک اپ کے کئی سالوں بعد نغمہ نے ایک انٹرویو میں بالواسطہ طور پر اس تعلق کا اعتراف کیا اور علیحدگی کی وجہ بتاتے ہوئے کہا اس وقت ایک کیریئر داؤ پر لگا ہوا تھا، اس لیے ہمیں الگ ہونا پڑا۔
انا پرستی کا مظاہرہ کرنے اور ساتھ رہنے کی ضد کرنے کے بجائے بہت سی چیزوں کو تولنا ضروری تھا۔
انہوں نے کہا کہ جب کوئی رشتہ حد سے زیادہ وزنی ہو جائے اور آپ کسی کی زندگی میں خوشی لانے کے بجائے پریشانی کا سبب بننے لگیں، تو یہی بہتر ہوتا ہے کہ آپ آگے بڑھ جائیں۔
بعض رپورٹس میں یہ بھی دعویٰ کیا گیا کہ 2001 میں بیٹی ثنا کی پیدائش کے بعد گنگولی نے خود نغمہ سے دوری اختیار کر لی تھی تاکہ وہ اپنی فیملی اور کیریئر پر توجہ دے سکیں جس کے بعد ان کا کیریئر دوبارہ بلندیوں پر پہنچ گیا۔
سارو گنگولی اپنی ازدواجی زندگی میں خوش ہیں جبکہ 51 سالہ نغمہ نے ابھی تک شادی نہیں کی ہے۔


