میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
5جولائی عوامی مینڈیٹ، آئین اور جمہوریت پر حملے کا سیاہ دن ہے، بلاول بھٹو زرداری

5جولائی عوامی مینڈیٹ، آئین اور جمہوریت پر حملے کا سیاہ دن ہے، بلاول بھٹو زرداری

جرات ڈیسک
اتوار, ۵ جولائی ۲۰۲۶

شیئر کریں

جب بھی آئین یا عوام کے مینڈیٹ کو خطرہ لاحق ہوگا، پیپلز پارٹی جمہوریت کے دفاع کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی،چیئرمین پیپلزپارٹی

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ 5 جولائی 1977 پاکستان کی جمہوری تاریخ کا سیاہ ترین دن ہے، جب عوام کے مینڈیٹ کو بندوق کی نوک پر چھین لیا گیا، آئین کو پامال کیا گیا اور جمہوریت کو آمریت کی زنجیروں میں جکڑ دیا گیا۔

بلاول ہاؤس میڈیا سیل کی جانب سے جاری بیان کے مطابق سانحہ 5 جولائی کے 49 برس مکمل ہونے کے موقع پر اپنے پیغام میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ جنرل ضیا الحق کی آمریت صرف قائدِ عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو کی منتخب حکومت کا تختہ الٹنے تک محدود نہیں تھی بلکہ یہ عوام کے اپنے مستقبل کا فیصلہ ووٹ کی طاقت سے کرنے کے بنیادی حق پر حملہ تھا۔

انہوں نے کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو نے قید و بند، سیاسی انتقام پر مبنی مقدمات اور بالآخر جامِ شہادت نوش کرنے کے باوجود آمریت کے سامنے سر نہیں جھکایا۔ آمر یہ سمجھتا تھا کہ وہ بھٹو کی آواز خاموش کر دے گا، مگر اس نے پوری قوم کے ضمیر کو بیدار کر دیا۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ شہید بھٹو کے نظریے کو قید نہیں کیا جا سکا اور نہ ہی ان کی آواز کو پھانسی دی جا سکی۔ ایک جمہوری، ترقی پسند اور مساوات پر مبنی پاکستان کا ان کا خواب آج بھی نئی نسلوں کے لیے رہنمائی اور حوصلے کا ذریعہ ہے۔

انہوں نے شہید محترمہ بینظیر بھٹو کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے آمریت کے سخت ترین دور میں ثابت قدمی سے جدوجہد کی اور پوری زندگی جمہوریت، امید اور استقامت کی علامت بن کر رہیں۔

بلاول بھٹو زرداری نے ان کارکنوں کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا جنہوں نے قید و بند، تشدد، ظلم اور شہادتوں کے باوجود جمہوریت کے مشن سے دستبرداری اختیار نہیں کی۔

انہوں نے آئین کی بالادستی، پارلیمانی جمہوریت، آزاد عدلیہ اور صوبائی خودمختاری کے لیے پاکستان پیپلز پارٹی کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ جب بھی آئین یا عوام کے مینڈیٹ کو خطرہ لاحق ہوگا، پیپلز پارٹی جمہوریت کے دفاع کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔

انہوں نے کہا کہ 49 برس گزرنے کے باوجود 5 جولائی آج بھی اس حقیقت کی یاد دلاتا ہے کہ قومیں جبر سے نہیں بلکہ جمہوریت، آئین کی بالادستی اور عوام کی حاکمیت سے ترقی کرتی ہیں۔

انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ شہدا کو حقیقی خراجِ عقیدت ان کے مشن کو آگے بڑھا کر پیش کیا جائے گا، کیونکہ ووٹ کی طاقت ہمیشہ گولی کی طاقت پر غالب رہے گی۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں