پاکستانی مزاح پر تنقید، ارشد وارثی کو سوشل میڈیا پر شدید ردِعمل کا سامنا
شیئر کریں
بھارتی کامیڈی میں گالم گلوچ، ذو معنی جملوں ،توہین آمیز مواد کا استعمال زیادہ ،دی کپل شرما شو مثال ہے، سوشل میڈیا صارفین
بالی ووڈ اداکار ارشد وارثی کو پاکستانی مزاح سے متعلق بیان پر سوشل میڈیا صارفین نے شدید تنقید کا نشانہ بنا دیا ۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق فلم ساز راج کمار ہیرانی کے ساتھ گفتگو میں ارشد وارثی نے کہا کہ میں پاکستانی مزاح کا مداح نہیں ہوں اس میں اکثر توہین آمیز انداز پایا جاتا ہے، مجھے اس قسم کی مزاحیہ پیشکش یا جنسی نوعیت کی کامیڈی پسند نہیں۔ اس پر راج کمار ہیرانی نے کہا کہ مزاح میں مختلف ثقافتوں اور برادریوں پر مبنی لطیفے بھی شامل ہوتے ہیں اور اگر ہر چیز کو حد سے زیادہ محدود کر دیا جائے تو مزاح کا وجود ہی ختم ہو جائے گا۔
ارشد وارثی نے اتفاق کرتے ہوئے کہا کہ لوگوں کو ایسے معاملات میں زیادہ سنجیدہ ہونے کے بجائے برداشت کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔تاہم ارشد وارثی کے اس بیان پر پاکستانی سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے شدید تنقید کی گئی ہے۔
متعدد صارفین نے مو قف اختیار کیا ہے کہ پاکستانی مزاح نسبتاً شائستہ ہوتا ہے جبکہ بھارتی کامیڈی میں گالم گلوچ، ذو معنی جملوں اور توہین آمیز مواد کا زیادہ استعمال کیا جاتا ہے۔کئی صارفین نے دی کپل شرما شو اور بھارتی اسٹینڈ اپ کامیڈی کا حوالہ دیتے ہوئے ارشد وارثی کے بیان پر تنقید کی ہے۔
بعض افراد نے کہا ہے کہ پاکستانی مزاح نے بھارتی کامیڈی پر بھی اثرات مرتب کیے ہیں۔بعض صارفین نے یہ بھی دعوی کیا ہے کہ بھارتی مزاحیہ اداکاروں نے پاکستانی کامیڈینز، خصوصا عمر شریف مرحوم کے انداز سے متاثر ہو کر اپنی پرفارمنس کو نکھارا ہے۔


