میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
بیرون ملک سے منسلک آن لائن فراڈ نیٹ ورک بے نقاب

بیرون ملک سے منسلک آن لائن فراڈ نیٹ ورک بے نقاب

جرات ڈیسک
جمعرات, ۲ جولائی ۲۰۲۶

شیئر کریں

ایف آئی اے کی کارروائی، تین ملزمان گرفتار، ٹیکنو سٹی میں قائم کمپنی کو بطور فرنٹ کمپنی استعمال کر رہے تھے

بیرون ملک سہولت کار پاکستان میں ریکروٹرز کے ذریعے افراد کو غیر قانونی آن لائن فراڈ کیلئے بھرتی کرتا تھا

 

وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کراچی زون نے بیرون ملک سے منسلک ایک منظم آن لائن فراڈ نیٹ ورک کے خلاف بڑی کارروائی کرتے ہوئے تین ملزمان کو گرفتار کر لیا۔

گرفتار افراد پر الزام ہے کہ وہ پاکستان سے شہریوں کو غیر قانونی آن لائن فراڈ سرگرمیوں کے لیے بھرتی کرنے اور بین الاقوامی نیٹ ورک کو سہولت فراہم کرنے میں ملوث تھے۔

ایف آئی اے کے ترجمان کے مطابق کارروائی امیگریشن کراچی کے حکام نے اس وقت کی جب کمبوڈیا سے پاکستان پہنچنے والے مسافر نصیب رحمان کو جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر امیگریشن کلیئرنس کے دوران مشکوک سرگرمیوں کی بنیاد پر روک کر پوچھ گچھ کی گئی۔

دورانِ تفتیش ایک منظم بین الاقوامی آن لائن فراڈ نیٹ ورک کا انکشاف ہوا۔ترجمان نے بتایا کہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق بیرون ملک موجود ایک سہولت کار پاکستان میں موجود ریکروٹرز کے ذریعے افراد کو غیر قانونی آن لائن فراڈ کے لیے بھرتی کرتا تھا۔

ملزم نصیب رحمان کی نشاندہی پر ایف آئی اے ٹیم نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ایئرپورٹ آمدی ٹرمینل کے باہر موجود دو مبینہ سہولت کاروں مزمل اور سمیع کو بھی گرفتار کر لیا۔ایف آئی اے کے مطابق گرفتار ملزمان کے قبضے سے متعدد موبائل فونز برآمد کیے گئے، جن کے ابتدائی معائنے میں آن لائن فراڈ سے متعلق چیٹ ریکارڈ، اہم ڈیجیٹل شواہد اور مختلف نامعلوم ذرائع سے ہونے والی مالی لین دین کی تفصیلات سامنے آئیں۔

مزید تفتیش کے دوران انکشاف ہوا کہ ملزمان کے نام سے ٹیکنو سٹی میں قائم ایک کمپنی کو بطور فرنٹ کمپنی استعمال کر رہے تھے، جس کی آڑ میں مبینہ طور پر غیر قانونی مالی سرگرمیوں اور آن لائن فراڈ نیٹ ورک کو چھپایا جا رہا تھا۔

ترجمان کے مطابق تمام برآمد شدہ ڈیجیٹل شواہد قبضے میں لے کر فرانزک تجزیے کے لیے محفوظ کر دیے گئے ہیں، جبکہ تینوں ملزمان کو مقدمہ درج کرنے اور مزید قانونی کارروائی کے لیے ایف آئی اے کے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل (AHTC) منتقل کر دیا گیا ہے۔ایف آئی اے کے مطابق مقدمے کی مزید تحقیقات جاری ہیں اور نیٹ ورک سے وابستہ دیگر افراد کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر کارروائیاں کی جا رہی ہیں۔

ادارے نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ بین الاقوامی آن لائن فراڈ، سائبر کرائم اور غیر قانونی مالیاتی سرگرمیوں میں ملوث عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔ (رپورٹ افتخار چوہدری)


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں