وزیراعلیٰ ہاؤس کیلئے ایک ارب 7کروڑ 95 لاکھ روپے مختص
شیئر کریں
سندھ حکومت کے جہاز کے لئے دس کروڑ، وزرائ، افسران کے الاؤنسز کے لئے کروڑوں مختص
وزیراعلیٰ ہاؤس اور سیکریٹریٹ کے 494ملازمین کی تنخواہ کے لئے 69کروڑ روپے رکھے گئے
حکومت سندھ نے آئندہ مالی سال کے بجٹ میں وزیراعلیٰ ہاوس کے لئے ایک ارب سات کروڑ، حکومت سندھ کے جہاز کے لئے دس کروڑ، وزرائ، افسران کے پیٹرول اور دیگر الاؤنسز کے لئے کروڑوں روپے مختص کر دیئے گئے ۔ جرأت کی رپورٹ کے مطابق حکومت سندھ نے مہنگائی اور آسمان سے باتیں کرتی پیٹرول قیمتوں کے باوجود اقتدار کے ایوانوں کے لئے خزانے کھول دیے ہیں۔ وزیراعلیٰ ہاؤس سندھ کے آئندہ مالی سال کے لئے ایک ارب 7کروڑ 95 لاکھ 37 ہزار روپے مختص کئے ہیں، وزیراعلیٰ ہاؤس اور سیکریٹریٹ کے 494ملازمین کی تنخواہ کے لئے 69کروڑ روپے رکھے گئے ہیں، تنخواہ میں سی ایم سیکریٹریٹ الاؤنس کے لئے 19کروڑ 26 لاکھ روپے مختص ہیں۔ جبکہ تنخواہ کے علاوہ دیگر اخراجات کے لئے 38کروڑ 44لاکھ روپے مختص کئے گئے ہیں، وزیراعلیٰ ہاوس کے لئے پیٹرول کی مد میں 6کروڑ روپے رکھے گئے ہیں، وزیراعلیٰ ہاؤس کے ہیلی کاپٹر کے لئے 10لاکھ روپے مختص ہوئے ہیں۔ حکومت سندھ کے جہاز کے لئے 9کروڑ 90لاکھ 66 ہزار روپے مختص کئے گئے ہیں۔ وزیراعلیٰ ہاوس کے بعد وزراء کو بھی بھاری رقوم سے نوازا گیا ہے ، سندھ کے وزراء کے اخراجات کے لئے ایک کروڑ 60لاکھ اور معاونین خصوصی کے لئے ایک کروڑ 88لاکھ 85ہزار روپے مختص کئے گئے ہیں۔ حکومت سندھ کے محکمہ سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن کے پیٹرول کے لئے 74کروڑ روپے رکھے گئے ہیں، صوبائی وزرائ، صلاح کار اور معاومین خصوصی کے ساتھ ساتھ سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن کے افسران پیٹرول اسی محکمہ سے وصول کرتے ہیں۔ محکمہ خزانہ کے افسران کے لئے پیٹرول کی مد میں 12اور محکمہ پلاننگ اینڈ ڈیولپمنٹ کے افسران کے لئے پیٹرول کی مد میں 14کروڑ روپے رکھے گئے ہیں۔


