نیوکراچی میں پانی چوری کا بڑا نیٹ ورک بے نقاب،ملزم گرفتار
شیئر کریں
غیر قانونی کنکشن اور پانی چوری کا پورا نظام منہدم، گھر سے پانی چوری کر کے مہنگے داموں فروخت کیا جا رہا تھا
کارروائی کے دوران8الیکٹرک موٹرز، 5سبمرسیبل پمپس اور پانی چوری کیلئے استعمال ہونیوالا دیگر سامان برآمد
(رپورٹ افتخار چوہدری)نیو کراچی میں پانی چوری کا بڑا نیٹ ورک بے نقاب ہوگیا، گھر پر قائم غیر قانونی نظام کومنہدم کردیا گیا۔تفصیلات کے مطابق کراچی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن کے ریونیو پروٹیکشن اینڈ انفورسمنٹ سیل نے پولیس کے ساتھ مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے نیو کراچی میں پانی چوری کا ایک بڑا نیٹ ورک بے نقاب کر دیا ہے۔ حکام نے گھر کے اندر قائم غیر قانونی نیٹ ورک کو پکڑ کر بھاری مقدار میں سامان ضبط کر لیا ہے۔تفصیلات کے مطابق نیو کراچی سیکٹر 5 جی میں صبا پمپنگ اسٹیشن کے قریب ایک گھر سے پانی چوری کر کے مہنگے داموں فروخت کیا جا رہا تھا۔ عوامی شکایات اور نشاندہی پر واٹر کارپوریشن اور پولیس نے فوری ایکشن لیتے ہوئے مذکورہ مکان پر چھاپہ مارا۔کارروائی کے دوران ملزم فیضان کے قبضے سے 8الیکٹرک موٹرز، 5سبمرسیبل پمپس اور پانی چوری کے لیے استعمال ہونے والا دیگر سامان برآمد کر لیا گیا ہے۔حکام نے موقع پر ہی غیر قانونی کنکشنز اور پانی چوری کا پورا نظام منہدم کر دیا، جبکہ جس گھر سے یہ نیٹ ورک چلایا جا رہا تھا اسے بھی مکمل طور پر سیل کر دیا گیا ہے۔پولیس نے ملزم فیضان کے خلاف ایف آئی آر درج کر کے قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔ واٹر کارپوریشن کے ترجمان کا کہنا ہے کہ شہر بھر میں پانی چوروں اور ہائیڈرینٹ مافیا کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں آئندہ بھی سخت دلیری سے جاری رہیں گی تاکہ شہریوں کے حق پر ڈاکا ڈالنے والوں کا خاتمہ کیا جا سکے۔


