سندھ بلڈنگ ،ضلع وسطی میں نقشوں کے برعکس تعمیرات پر سرکاری خاموشی
شیئر کریں
ڈپٹی ڈائریکٹر دلیپ کمار کی سرپرستی میں تعمیراتی لاقانونیت کی کھلی چھوٹ، تعمیراتی مافیا بے لگام
گلبرگ بلاک 18 اور 19 میں پلاٹ نمبر C21/1اور پلاٹ930پر کمرشل یونٹس کی تعمیرات
شہر قائد میں غیرقانونی تعمیرات کے خلاف کارروائیوں کے دعوے محض کاغذی ثابت ہونے لگے ۔ضلع وسطی گلبرگ ٹاؤن کے مختلف علاقوں میں منظور شدہ نقشوں کے برعکس کمرشل تعمیرات کا سلسلہ بدستور جاری ہے جبکہ متعلقہ افسران کی خاموشی کئی سوالات کو جنم دے رہی ہے ۔زمینی حقائق کے مطابق گلبرگ بلاک 18 کے پلاٹ نمبر C-21/1 اور بلاک 19 کے پلاٹ نمبر 930 پر دن کے اجالے میں کمرشل پورشن یونٹس کی تعمیرات تیزی سے جاری ہیں۔جرأت سروے ٹیم سے بات کرتے ہوئے علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ مذکورہ تعمیرات نہ صرف بلڈنگ قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہیں بلکہ رہائشی علاقوں کا تشخص بھی متاثر کر رہی ہیں۔شہری حلقوں کا الزام ہے کہ ڈپٹی ڈائریکٹر دلیپ کمار کی مبینہ ملی بھگت سے تعمیراتی مافیا تعمیراتی لاقانونیت کی کھلی چھوٹ حاصل ہے ۔مقامی افراد کے مطابق متعدد شکایات کے باوجود تاحال کوئی مؤثر کارروائی عمل میں نہیں لائی گئی۔عوامی و سماجی حلقوں نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ مذکورہ تعمیرات کا فوری نوٹس لیا جائے ، ذمہ دار افسران کے کردار کی تحقیقات کی جائیں اور نقشوں کے برعکس جاری تمام غیرقانونی تعمیراتی سرگرمیوں کو فوری طور پر بند کرایا جائے تاکہ شہری قوانین کی بالادستی کو یقینی بنایا جا سکے ۔متعلقہ افسران سے موقف لینے کے لئے رابطے کی کوشش کی گئی مگر خبر کی اشاعت تک رابطہ ممکن نہ ہو سکا ۔موقف موصول ہونے پر شامل اشاعت کیا جائے گا ۔(نمائندہ جرأت)


