امریکا اور ایران نے مفاہمتی یادداشت پر ڈیجیٹل دستخط کردیے،امریکی نائب صدر جے ڈی وینس
شیئر کریں
ایران پارلیمنٹ کے اسپیکر باقر قالیباف نے دستخط کیے،آبنائے ہرمز سے بحری جہازوں کی آمد و رفت شروع ہو گئی، تجارتی جہازوں سے ٹول ٹیکس نہیں لیا جائے گا، امریکی صدر ٹرمپ
پاکستان جمعہ کو جنیوا میں ایران امریکا معاہدے کی تقریب کی میزبانی کریگا،دنیا نے امن کا تاریخی سنگِ میل عبور کیا ، جنگ کی تاریک رات کے بعد امن کا سورج طلوع ہو گیا،شہباز شریف
امریکا اور ایران کے درمیان مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) پر ڈیجیٹل دستخط کر دیے گئے ہیں۔آبنائے ہرمز سے بحری جہازوں کی آمد و رفت شروع ہو گئی۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ایران کے ساتھ ہوئے معاہدے کے تحت آبنائے ہرمز سے گزرنے والے تجارتی جہازوں سے ٹول ٹیکس نہیں لیا جائے گا،برطانوی خبر ایجنسی نے امریکی اعلیٰ عہدیدار کے حوالے سے دعویٰ کیا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ، نائب صدر جے ڈی وینس اور ایران کی جانب سے پارلیمنٹ کے اسپیکر باقر قالیباف نے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے ہیں۔اعلیٰ امریکی حکام کے مطابق گزشتہ روز ڈیجیٹل دستخط مکمل کیے گئے جبکہ معاہدے کی تفصیلات آئندہ 48 گھنٹوں کے دوران جاری کی جائیں گی، اس کے علاوہ اس ہفتے کے آخر میں تکنیکی سطح کے مذاکرات کا بھی آغاز کیا جائے گا۔حکام کا کہنا ہے کہ معاہدے کے تحت آبنائے ہرمز کو فوری طور پر بحری آمدورفت کے لیے کھولنے اور ایران پر عائد امریکی بحری ناکہ بندی ختم کرنے کی شق شامل ہے، جس کے بعد آبنائے ہرمز میں بحری ٹریفک میں نمایاں اضافہ متوقع ہے۔امریکی حکام کے مطابق ایران کے منجمد اثاثوں کی بحالی، پابندیوں میں نرمی اور دیگر مراعات معاہدے پر ایران کے عملدرآمد اور کارکردگی سے مشروط ہوں گی۔خبر ایجنسی کے مطابق امریکی حکام نے بتایا ہے کہ معاہدے پر عملدرآمد کے طریقہ کار اور دیگر تکنیکی امور کو حتمی شکل دینے کے لیے دونوں ممالک کے درمیان مزید مذاکرات بھی کیے جائیں گے۔ دوسری جانب وزیر اعظم شہبازشریف نے کہاہے کہ جمعے کو جنیوا میں ایران امریکا معاہدے کی تقریب کی میزبانی پاکستان کریگا،دنیا نے امن کا تاریخی سنگِ میل عبور کیا ہے، جنگ کی تاریک رات کے بعد امن کا سورج طلوع ہو گیا،ایران اور امریکا کی جانب سے تمام محاذوں پر فوجی کارروائی کے فوری اور مستقل خاتمے پر پاکستانی قوم سمیت پوری عالمی برادری کو اس کامیابی پر دل کی گہرائیوں سے مبارکباد دیتا ہوں۔


