سندھ بلڈنگ، گلبرگ میں غیرقانونی کمرشل تعمیرات ، شہریوں میں تشویش
شیئر کریں
عزیز آباد نمبر 8کے پلاٹ A-1/25پر کمرشل یونٹس،ریحان الائچی کا موقف سے گریز
گلبرگ بلاک 14 کے پلاٹ 1541 پر دکانیں کی تعمیر کی چھوٹ ،روف شیخ ملوث
وسطی میں مبینہ غیرقانونی تعمیرات کے بڑھتے ہوئے رجحان نے شہریوں میں تشویش کی لہر دوڑا دی ہے ،اور ڈائریکٹر سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی عبدالرؤف شیخ کی کارکردگی زیر بحث ہے ۔جبکہ اس صورتحال کے باعث متعلقہ فیلڈ افسران کی کارکردگی پر بھی سوالات اٹھنے لگے ہیں۔حاصل ہونے والی معلومات کے مطابق عزیز آباد نمبر 8 کی محمدی کالونی میں واقع پلاٹ نمبر A-1/25 پر مبینہ طور پر دکانوں اور دیگر کمرشل یونٹس کی تعمیر عمل میں لائی گئی ہے ۔ اسی طرح گلبرگ کے بلاک 14 میں پلاٹ نمبر 1519 پر بھی دکانوں کی تعمیر جاری ہونے کے شواہد بھی زمین پر موجود ہیں۔اطلاعات کے باوجود متعلقہ محکموں کی جانب سے کسی واضح یا مؤثر کارروائی کے آثار دکھائی نہیں دے رہے ، جس پر مقامی آبادی میں بے چینی پائی جاتی ہے ۔ علاقہ مکینوں کا مؤقف ہے کہ رہائشی پلاٹس پر تجارتی سرگرمیوں کے فروغ سے ٹریفک کا دباؤ، پارکنگ کے مسائل اور دیگر شہری مشکلات میں اضافہ ہو رہا ہے ۔شہری حلقوں نے سوال اٹھایا ہے کہ اگر مذکورہ تعمیرات قواعد و ضوابط کے منافی ہیں تو ذمہ دار ادارے اور ڈیمولیشن ونگ عملی اقدامات سے کیوں گریزاں ہیں۔ انہوں نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ متنازع تعمیرات کی غیرجانبدارانہ تحقیقات کرائی جائیں اور کسی بھی خلاف ورزی کی صورت میں قانون کے مطابق فوری کارروائی عمل میں لائی جائے ۔ ادھر جرأت سروے ٹیم نے ڈائریکٹر ڈیمولیشن ریحان الائچی اور دیگر متعلقہ حکام کا مؤقف جاننے کے لیے متعدد مرتبہ رابطہ کرنے کی کوشش کی، تاہم خبر فائل کیے جانے تک ان سے رابطہ ممکن نہ ہو سکا۔ مؤقف موصول ہونے کی صورت میں اسے بھی خبر کا حصہ بنایا جائے گا۔(نمائندہ جرأت)


