پاک چین دوستی کے درخت کی جڑیں بہت گہری ہیں، شہباز شریف
شیئر کریں
اس نے طوفانوں کا سامنا کیا ہے ،سایہ فراہم کیا ہے اور بہت میٹھے پھل دیے ہیں
پاک۔چین سفارتی تعلقات کی 75 ویں سالگرہپر خصوصی تقریب سے خطاب
وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے سخت محنت اور مسلسل کوششوں سے پاکستان میں ترقی کے لیے چین کا معاشی ماڈل اپنانے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ چین کے ترقی، غربت ،بیروزگاری ،بیماریوں اور چیلنجز پر قابو پانے کیقابل رشک سفر سے دنیا کو سبق سیکھنا چاہیٔے،پاکستان چین دوستی کے درخت کی جڑیں بہت گہری ہیں،اس نے طوفانوں کا سامنا کیا ہے ،سایہ فراہم کیا ہے اور بہت میٹھے پھل دیے ہیں ہماری مشترکہ ذمہ داری ہے کہ اس کی نئی شاخیں پروان چڑھائیں تاکہ آنے والی نسلیں وہ ورثہ حاصل کریں جو ہمارے آباؤ اجداد کے تصور سے بھی زیادہ مضبوط تعلقات کا حامل ہو۔انہوں نے خیالات کا اظہار منگل کو یہاں پاک۔چین سفارتی تعلقات کی 75 ویں سالگرہ کے حوالے سے خصوصی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔تقریب میں عوامی جمہوریہ چین کے نائب صدر ہان زینگ اور پاکستان کے وفد کے ارکان اور دیگر شخصیات نے بھی شرکت کی۔ وزیر اعظم نے کہا کہ بیجنگ میں ہمارے دونوں عظیم ممالک کے درمیان سفارتی تعلقات کی 75 ویں سالگرہ کی تقریب میں شرکت میرے لیے ایک اعزاز ہے،ہمارے عظیم رہنماؤں نے پچھلے سات عشروں سے زیادہ عرصے میں یہ تعلقات بڑی لگن، عقیدت اور خلوص کے ساتھ استوار کیے ہیں،یہ تعلقات اب ایک ایسے بلند مقام پر پہنچ چکے ہیں کہ ان کا کوئی ثانی نہیں اور نہ ہی ان جیسی کوئی مثال مل سکتی ہے، ان سات عشروں میں چین نے سخت اور انتھک محنت سے جنگ کی راکھ سے اٹھ کر شان و شوکت کی بلند ترین چوٹی تک پہنچنے کا سفر طے کیا ہے یہ قابل رشک سفر ہے جس سے دنیا کے تمام ممالک کو سبق سیکھنا چاہیٔے کہ کیسے غربت ،بے روزگاری ،بیماریوں اور چیلنجز پر قابو پایا جائے۔


