میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
حکومت آئی ایم ایف کے آگے ڈھیر،بجلی ، گیس مزید مہنگی کرنے کی یقین دہانی

حکومت آئی ایم ایف کے آگے ڈھیر،بجلی ، گیس مزید مہنگی کرنے کی یقین دہانی

ویب ڈیسک
هفته, ۱۶ مئی ۲۰۲۶

شیئر کریں

توانائی شعبے میں اصلاحات، گردشی قرضے میں کمی اور مالی اہداف سے متعلق مذاکرات جاری،پروٹیکٹڈ صارفین کے علاوہ دیگربجلی اور گیس صارفین کے نرخوں میں اضافہ کیا جائے گا،حکام
حکومت کی عالمی توانائی قیمتوں کا مکمل بوجھ صارفین تک منتقل کرنے کی پالیسی برقرار، گیس سیکٹر کے گردشی قرضے کا آڈٹ شدہ ڈیٹا تیار کر لیا ،بجٹ مذاکرات میں توانائی شعبے پر تفصیلی بریفنگ

حکومت نے بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف )کو بجلی اور گیس کی قیمتوں میں اضافے کی یقین دہانی کرا دی ہے جبکہ توانائی شعبے میں اصلاحات، گردشی قرضے میں کمی اور مالی اہداف سے متعلق مذاکرات جاری ہیں۔ذرائع کے مطابق حکومت اور آئی ایم ایف کے درمیان جاری بجٹ مذاکرات میں توانائی شعبے پر تفصیلی بریفنگ دی گئی، جس میں حکام نے بتایا کہ پروٹیکٹڈ صارفین کے علاوہ دیگر بجلی اور گیس صارفین کے نرخوں میں اضافہ کیا جائے گا۔بریفنگ میں یہ بھی واضح کیا گیا کہ نیپرا کی سہ ماہی ٹیرف ایڈجسٹمنٹ اور ماہانہ فیول چارجز ایڈجسٹمنٹ بروقت نافذ رہیں گے جبکہ عالمی توانائی قیمتوں کا مکمل بوجھ صارفین تک منتقل کرنے کی پالیسی برقرار رکھی جائے گی۔حکام کے مطابق پیٹرول، بجلی اور گیس ٹیرف میں باقاعدہ ردوبدل کے ذریعے لاگت کی مکمل وصولی جاری ہے جبکہ کمزور اور کم آمدن طبقے کیلئے ٹارگٹڈ سبسڈی برقرار رکھی جائے گی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت آئی پی پیز کے بقایاجات اور جرمانہ ادائیگیوں سے متعلق تصفیوں کو حتمی شکل دے رہی ہے جبکہ پاکستان میں مسابقتی بجلی مارکیٹ کے قیام پر بھی کام جاری ہے۔آئی ایم ایف کو بتایا گیا کہ توانائی اصلاحات سے بجلی نظام کی کارکردگی بہتر اور نقصانات میں کمی متوقع ہے۔بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ حکومت نے گیس سیکٹر کے گردشی قرضے کا آڈٹ شدہ ڈیٹا تیار کر لیا ہے اور آئندہ اسے سہ ماہی بنیادوں پر عوام کے سامنے لانے کی یقین دہانی بھی کرائی گئی ہے۔ذرائع کے مطابق مالی سال 2027 کیلئے بجلی سبسڈی کو زیادہ سے زیادہ 830 ارب روپے تک محدود رکھنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے جبکہ حکومت نے مالی سال 2031 تک بجلی شعبے کا گردشی قرض صفر کرنے کا عزم ظاہر کیا ہے۔اس کے علاوہ آئیسکو، گیپکو اور فیصل آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی کی نجکاری 2027 کے آغاز تک مکمل کرنے کا ہدف بھی سامنے آیا ہے۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں