سندھ بلڈنگ، نارتھ ناظم آباد میں رہائشی پلاٹس پر کمرشل پورشن یونٹس کی تعمیرات
شیئر کریں
ڈپٹی اویس شاہ، ریحان الائچی کی تعمیراتی مافیا کو چھوٹ کے عوض خطیر رقوم کی بندر بانٹ
بلاک ایل میں پلاٹ A-60اور A-118پر مافیا غیر قانونی تعمیرات میں مکمل آزاد
ضلع وسطی کے معروف رہائشی علاقے نارتھ ناظم آباد میں رہائشی پلاٹس پر کمرشل پورشن یونٹس کی مبینہ خلافِ ضابطہ تعمیرات کا سلسلہ جاری ہے ، جبکہ متعلقہ ادارے خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں۔ علاقہ مکینوں کے مطابق رہائشی علاقوں میں تجارتی نوعیت کی تعمیرات سے نہ صرف شہری ماحول متاثر ہو رہا ہے بلکہ ٹریفک، پارکنگ اور سیوریج کے مسائل میں بھی اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے ۔ذرائع کے مطابق بعض افسران اور بااثر عناصر مبینہ طور پر تعمیراتی مافیا کو غیر قانونی تعمیرات کے لیے سہولت فراہم کر رہے ہیں۔ شہری حلقوں کا الزام ہے کہ ڈپٹی اویس شاہ جی اور ڈائریکٹر ڈیمولیشن ریحان الائچی مبینہ طور پر تعمیراتی مافیا کو چھوٹ دینے کے عوض خطیر رقوم کی بندر بانٹ میں ملوث ہیں، جس کے باعث قوانین کی کھلم کھلا خلاف ورزیاں جاری ہیں۔ علاقہ مکینوں نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ معاملے کی شفاف تحقیقات کر کے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے ۔علاقہ مکینوں کے مطابق بلاک ایل نارتھ ناظم آباد کے پلاٹ نمبر A-60 اور A-118 پر بھی مبینہ طور پر کمرشل پورشن یونٹس کی تعمیر کی تعمیراتی مافیا کو چھوٹ حاصل ہے ، حالانکہ مذکورہ پلاٹس رہائشی مقاصد کے لیے مختص بتائے جاتے ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ متعلقہ اداروں کی عدم توجہی کے باعث غیر قانونی تعمیرات میں دن بہ دن اضافہ ہو رہا ہے ، جس سے علاقے کا بنیادی ڈھانچہ متاثر ہونے کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے ۔علاقہ مکینوں نے وزیر بلدیات سے فوری نوٹس لینے ، غیر قانونی تعمیرات رکوانے اور ذمہ دار عناصر کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے ۔جرأت سروے ٹیم کی جانب سے متعلقہ افسران سے موقف لینے کے لیے رابطے کی کوشش کی گئی مگر رابطہ ممکن نہ ہو سکا۔(نمائندہ جرأت)


