میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
پی ٹی آئی کاعمران خان سمیت سیاسی قیدیوں کی غیر مشروط رہا ئی کا مطالبہ

پی ٹی آئی کاعمران خان سمیت سیاسی قیدیوں کی غیر مشروط رہا ئی کا مطالبہ

ویب ڈیسک
هفته, ۲ مئی ۲۰۲۶

شیئر کریں

موجودہ حکمران تحریک انصاف کے قائدکی عوامی مقبولیت اور خودمختار سیاسی مؤقف سے خوفزدہ ہیں
عمران خان کے ساتھ غیر انسانی سلوک کیا جا رہا ہے، بانی کو قید میں 1000 دن مکمل ہونے پر ردعمل

پاکستان تحریک انصاف کا کہنا ہے کہ موجودہ حکمران عمران خان کی عوامی مقبولیت اور خودمختار سیاسی مؤقف سے خوفزدہ ہیں، اسی لیے انہیں سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی نے پاکستان تحریک انصاف کے قائد اور سابق وزیراعظم عمران خان کی قید کو 1000 دن مکمل ہونے پر اس کو غیر قانونی، غیر آئینی اور سیاسی انتقام پر مبنی قید قرار دیا اور اس پر شدید تشویش اور سخت ردعمل کا اظہار کیا ہے۔مرکزی میڈیا ڈیپارٹمنٹ سے جاری اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ عمران خان وہ قومی رہنما ہیں جنہیں عوام نے واضح مینڈیٹ دے کر منتخب کیا مگر آج وہ ایک ایسے نظام کا شکار ہیں جہاں انصاف، قانون کی حکمرانی اور بنیادی انسانی حقوق پامال کیے جا رہے ہیں، موجودہ حکمران عمران خان کی عوامی مقبولیت اور خودمختار سیاسی موقف سے خوفزدہ ہیں، اسی لیے انہیں سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ترجمان تحریک انصاف کا کہنا ہے کہ ملک بدترین معاشی بحران، تاریخی مہنگائی، بے روزگاری میں اضافہ اور سرمایہ کاری کے شدید زوال کا شکار ہے، ناقص پالیسیوں کے باعث متعدد ملٹی نیشنل کمپنیاں پاکستان سے کاروبار سمیٹنے پر مجبور ہو رہی ہیں، جو معیشت کے لیے خطرناک صورتحال ہے، انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں، سیاسی آزادیوں پر قدغن اور اظہار رائے کی پابندیاں بڑھ رہی ہیں، جو کسی بھی جمہوری ریاست کے لیے لمحہ فکریہ ہیں۔پی ٹی آئی میڈیا ڈیپارٹمنٹ نے مزید کہا کہ قائد تحریک انصاف عمران خان کے ساتھ غیر انسانی سلوک کیا جا رہا ہے، انہیں قید تنہائی میں رکھا گیا ہے اور خاندان، وکلا اور پارٹی قیادت کو باقاعدہ ملاقاتوں کی اجازت نہیں، جو انسانی و قانونی حقوق کی کھلی خلاف ورزی ہے، ان کی صحت کے حوالے سے تشویش پائی جاتی ہے، خصوصاً بصارت کے مسائل پر سنجیدہ تحفظات ہیں جن کا فوری علاج ضروری ہے۔اعلامیہ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ عوامی مینڈیٹ کی توہین کرتے ہوئے سیاسی قیادت کو قید میں رکھنا جمہوری اصولوں کے منافی ہے، پی ٹی آئی مطالبہ کرتی ہے کہ عمران خان سمیت تمام سیاسی قیدیوں کو فوری اور غیر مشروط رہا کیا جائے، پی ٹی آئی عزم کرتی ہے کہ عمران خان کی قیادت میں آئین کی بالادستی، قانون کی حکمرانی اور حقیقی جمہوریت کی بحالی کے لیے پرامن جدوجہد جاری رکھے گی۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں