آبنائے ہرمز ،بارودی سرنگیں بچھانے والی کشتیوں کو اڑا دیں،ڈونلڈ ٹرمپ کاا مریکی نیوی کو حکم
شیئر کریں
امریکی بحریہ میرے حکم پر عمل میں کسی قسم کی ہچکچاہٹ نہ دکھائے، امریکاکی اجازت کے بغیر کوئی جہاز آسکتا ہے نہ جاسکتا ہے، ایران کے معاہدہ کرنے تک آبنائے ہرمز مکمل بند،سخت ناکابندی جاری رہے گی
کارروائیاں 3 گنا بڑھانے کا حکم، اس معاملے میں کوئی تاخیر یا نرمی برداشت نہیں کی جائے گی، ایران کے اندر سخت گیر اور نام نہاد اعتدال پسندوں کے درمیان شدید اختلافات ہیں، سوشل میڈیا پر بیان
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ آبنائے ہرمز میں بارودی سرنگیں بچھانے والی ہر کشتی کو تباہ کر دیا جائے، کوئی ہچکچاہٹ نہیں ہے۔سوشل میڈیا پر جاری اپنے بیان میں ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکی بحریہ کو حکم دیا ہے کہ چھوٹی ہو یا بڑی ہر کشتی کو نشانہ بنایا جائے۔انہوں نے کہا کہ دشمن کے تمام 159 بحری جہاز سمندر کی تہہ میں جا چکے ہیں، امریکی مائن سوئپرز آبنائے ہرمز کو صاف کرنے میں مصروف ہیں۔ڈونلڈ ٹرمپ نے آبنائے ہرمز میں کارروائیاں تین گنا بڑھانے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ اس معاملے میں کوئی تاخیر یا نرمی برداشت نہیں کی جائے گی۔امریکی صدر نے کہا کہ ایران کو اپنے رہنما کے تعین میں شدید مشکلات کا سامنا ہے، ایران کے اندر سخت گیر اور نام نہاد اعتدال پسندوں کے درمیان شدید اختلافات ہیں، سخت گیر عناصر میدانِ جنگ میں بری طرح ناکام ہو رہے ہیں۔ڈونلڈ ٹرمپ نے مزید کہا کہ نام نہاد اعتدال پسند درحقیقت معتدل نہیں لیکن پذیرائی حاصل کر رہے ہیں، سخت گیر عناصر میدانِ جنگ میں بری طرح ناکام ہو رہے ہیں، آبنائے ہرمز پر ہمارا مکمل کنٹرول ہے، آبنائے ہرمز کو مکمل طور پر بند کر دیا گیا ہے، جب تک ایران معاہدہ نہیں کرتا سخت ناکا بندی جاری رہے گی۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ ایران کی سب سے بڑی مشکل یہ ہے کہ انہیں نہیں پتا ان کا لیڈر ہے کون؟


