سندھ بلڈنگ، ناظم آباد میں رہائشی پلاٹوں پر کمرشل تعمیرات، قوانین پامال
شیئر کریں
رہائشی پلاٹس بی 7/8 اور جے 3/1پر ضابطہ اخلاق کی دھجیاں، کمرشل یونٹس قائم
اہل علاقہ کا ڈی جی اور ڈائریکٹر ڈیمولیشن ریحان الائچی کی کارکردگی پر سوال
وسطی کے معروف رہائشی علاقے ناظم آباد میں غیر قانونی تعمیرات کا سلسلہ تھمنے کا نام نہیں لے رہا، جہاں 1نمبر کے پلاٹ نمبر بی 7/8 اور جے 3/1 پر رہائشی حیثیت کے باوجود کمرشل پورشن یونٹس کی تعمیرات جاری ہیں۔ جرأت سروے ٹیم کو دستیاب شواہد اور زیر نظر تصاویر کے مطابق عمارتوں میں اضافی فلورز اور کمرشل استعمال کے لیے ڈھانچے تیار کیے جا رہے ہیں، جو سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے قوانین اور ضابطہ اخلاق کی صریح خلاف ورزی ہے ۔مقامی رہائشیوں کا کہنا ہے کہ ان عمارتوں کی تعمیر سے علاقے میں نہ صرف ٹریفک اور پارکنگ کے مسائل بڑھ رہے ہیں بلکہ سیوریج اور دیگر بنیادی سہولیات بھی شدید دباؤ کا شکار ہو رہی ہیں۔ شہریوں نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ غیر معیاری اور بغیر منظوری تعمیرات کسی بھی وقت حادثے کا سبب بن سکتی ہیں۔اہل علاقہ نے الزام عائد کیا ہے کہ متعلقہ افسران کی مبینہ چشم پوشی کے باعث تعمیراتی مافیا کھلے عام سرگرم ہے ۔ شہریوں نے ڈائریکٹر جنرل سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی اور ڈائریکٹر ڈیمولیشن ریحان الائچی کی کارکردگی پر سوالات اٹھاتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ فوری کارروائی عمل میں لا کر غیر قانونی تعمیرات کو روکا جائے اور ذمہ داران کے خلاف سخت قانونی اقدامات کیے جائیں۔


