حتمی معاہدہ نہ ہو سکا، تین اہم نکات پر اختلافات برقرار ہیں، ایران
شیئر کریں
اسماعیل بقائی نے مذاکرات کی میزبانی پر پاکستان کی حکومت اور عوام کا شکریہ بھی ادا کیا
ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے کہا ہے کہ حالیہ مذاکرات میں بعض امور پر پیش رفت ضرور ہوئی، تاہم چند اہم نکات پر اختلافات برقرار رہنے کے باعث کوئی حتمی معاہدہ نہیں ہو سکا۔
اپنے بیان میں اسماعیل بقائی نے مذاکرات کی میزبانی پر پاکستان کی حکومت اور عوام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد میں ہونے والی بات چیت ایک اہم سفارتی کوشش تھی، جس میں مختلف حساس اور اہم معاملات زیر بحث آئے۔
انہوں نے بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران آبنائے ہرمز، ایران کے جوہری پروگرام، جنگی ہرجانے اور پابندیوں کے خاتمے جیسے اہم موضوعات پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ اس کے علاوہ خطے میں جاری کشیدگی کے خاتمے اور مکمل امن کے قیام پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔
پاکستان کی تاریخی سفارتکاری، انتھک کوششوں نے ایران اور امریکا کو دہائیوں بعد ایک میز پر بٹھا دیا
ایرانی ترجمان کے مطابق دو سے تین اہم نکات پر اختلافات برقرار رہے، جو معاہدے کی راہ میں رکاوٹ بنے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ایران اپنے قومی مفادات کے تحفظ کے لیے تمام دستیاب ذرائع استعمال کرتا رہے گا۔
اسماعیل بقائی نے مزید کہا کہ اس سفارتی عمل کی کامیابی کا انحصار مخالف فریق کی سنجیدگی اور نیک نیتی پر ہے، اور ضروری ہے کہ غیر ضروری مطالبات سے گریز کیا جائے اور ایران کے جائز مفادات کو تسلیم کیا جائے۔
تجزیہ کاروں کے مطابق یہ بیان ظاہر کرتا ہے کہ اگرچہ مذاکرات مکمل طور پر ناکام نہیں ہوئے، لیکن اہم اختلافات کے باعث فی الحال کسی بڑے بریک تھرو کا امکان کم ہے۔



ویب ڈیسک
پیر, ۱۳ مئی ۲۰۱۹