سندھ بلڈنگ، لیاقت آباد بی ون ایریا میں خلاف ضابطہ تعمیرات جاری
شیئر کریں
پلاٹ20/10, 32/10 پر بالائی منزلوں کی تعمیر ،شہریوں کی شکایات نظر انداز
ڈپٹی ڈائریکٹر اور انسپکٹر کی ملی بھگت ،سیفٹی معیارات پامال، کرنے پر مقدمے کا مطالبہ
ضلع وسطی کے علاقے لیاقت آباد بی ون ایریا میں بلند ہوتی عمارتوں کی خلاف ضابطہ تعمیرات نے شہریوں میں شدید تشویش پھیلا دی ہے ۔ جرأت سروے ٹیم کو حاصل ہونے والی معلومات کے مطابق، علاقے میں پلاٹ نمبر 20/10, 32/10 اور متعدد رہائشی و تجارتی عمارتیں بغیر منظور شدہ نقشہ جات اور بلڈنگ کنٹرول کے قواعد کی خلاف ورزی کرتے ہوئے تعمیر کی جا رہی ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ ڈپٹی ڈائریکٹر (بلڈنگ کنٹرول) عمران رضوی اور متعلقہ بلڈنگ انسپکٹر لطافت مرزا کی مبینہ ملی بھگت کی وجہ سے ان خلاف ورزیوں پر کوئی کارروائی نہیں ہو رہی۔ مقامی رہائشیوں نے مطالبہ کیا ہے کہ اعلیٰ حکام فوری طور پر نوٹس لیں، ملوث افسران کے خلاف سخت تادیبی کارروائی کریں اور تمام غیر قانونی تعمیرات کو مسمار کریں۔ واضح رہے کہ اس سے قبل بھی اس علاقے میں خلاف ضابطہ تعمیرات کے متعدد نوٹس جاری کیے جا چکے ہیں، مگر مبینہ طور پر اثر ورسوخ کے باعث ان پر عمل درآمد نہیں ہو سکا۔


