میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
کراچی و بلوچستان میں طوفانی بارشوں نے تباہی مچادی،23 افراد جاں بحق

کراچی و بلوچستان میں طوفانی بارشوں نے تباہی مچادی،23 افراد جاں بحق

ویب ڈیسک
جمعه, ۲۰ مارچ ۲۰۲۶

شیئر کریں

ڈیفنس اور ناظم آباد میں عید کی خریداری کیلئے آنیوالے شہری بارش میں پھنس گئے، دو دریا میں ریستوران کا لکڑیوں سے بنا ایک حصہ گر گیا
حب کے دو مختلف مقامات پر دیواریں گرنے سے بچی سمیت 2 افراد جاں بحق ،15 زخمی،طوفانی ہواؤں اور بارشوں سے جانی و مالی نقصان

کراچی اور بلوچستان میں طوفانی بارشوں نے تباہی مچادی جہاں 23 افراد جاں بحق ہوگئے، ان علاقوں میں مزید بارش کی پیشگوئی کردی گئی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں طوفانی بارش کے دوران پیش آنے والے حادثات میں کم از کم 21 افراد جاں بحق ہوئے، بلدیہ کے علاقہ سیکٹر 11 میں دیوار گرنے سے کم از کم 13 افراد لقمہ اجل بن گئے جہاں شدید بارش سے بچنے کے لیے لوگوں نے دیوار کا سہارا لیا لیکن تیز ہواؤں کے باعث یہ دیوار گرگئی جس کے باعث شہری جاں بحق ہوگئے۔پولیس سرجن ڈاکٹر سمیعہ سید نے تصدیق کہ بلدیہ واقعے سمیت مجموعی طور پر 15 لاشیں لائی گئیں جن میں سے 13 کی قانونی کارروائی مکمل ہوگئی تاہم دیگر 2 لاشیں رشتے دار بغیر پوسٹ مارٹم کے ہمراہ لے گئے، علاوہ ازیں ریسکیو 1122 نے بتایا کہ شہر میں بارش کے دوران مختلف حادثات اور واقعات میں کم از کم 21 افراد جاں بحق ہوئے۔بتایا جارہا ہے کہ محکمہ موسمیات کی طرف سے بدھ کے روز بارش کی پیشگوئی تھی اور رات ساڑھے 8 بجے کے قریب شدید ہواؤں کے ساتھ بارش شروع ہوئی تو لوگوں کی ایک بڑی تعداد عید کی خریداری کے لیے بازاروں میں موجود تھی، ڈیفنس اور ناظم آباد کے علاقوں میں عید کی خریداری کے لیے آنے والے شہری بھی بارش کی وجہ سے پھنس گئے، شدید بارش کے ساتھ تیز ہواؤں کی وجہ سے سمندر کے کنارے دو دریا میں موجود ریستوران کا لکڑیوں سے بنا ایک حصہ بھی گر گیا۔معلوم ہوا ہے کہ صدر، شاہراہ فیصل سمیت کئی علاقوں میں درخت بھی جڑ سے اُکھڑ گئے اور کئی گھروں میں کھڑکیوں کے شیشے بھی ٹوٹ گئے، کلفٹن ڈرائیور لائسنس برانچ کے قریب درخت گرنے سے ایک خاتون جاں بحق اور اس کا بیٹا زخمی ہوا، جنہون نے بارش سے بچنے کے لیے درخت کے نیچے پناہ لی تھی۔ محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ بدھ کے روز کراچی میں کم ازکم 8 ملی میٹر بارش جناح ٹرمینل پر ریکارڈ کی گئی، 30 ملی میٹر ناظم آباد اور زیادہ سے زیادہ 56 ملی میٹر کورنگی میں ریکارڈ ہوئی، طوفانی ہواؤں کی فی گھنٹہ رفتار ایٔرپورٹ اور شاہراہ فیصل پر 90 کلومیٹر فی گھنٹہ اور ماڑی پور پر اس کی شدت زیادہ تھی جہاں رفتار 98 کلومیٹر فی گھنٹہ ریکارڈ کی گئی، بارش کا سلسلہ جمعرات کو بھی جاری رہے گا۔بتایا گیا ہے کہ بلوچستان کے ضلع حب میں بھی طوفانی ہواؤں اور بارشوں سے جانی و مالی نقصان ہوا جہاں ساکران میں رمضان مری گوٹھ سمیت ضلع حب کے دو مختلف مقامات پر دیواریں گرنے سے ایک بچی سمیت 2 افراد جاں بحق ہوئے، اسی نوعیت کے دیگر واقعات میں 15 افراد زخمی ہوئے جن کو طبی امداد کی فراہمی کے لیے ہسپتال منتقل کردیا گیا اور متاثرین کو ریلیف کی فراہمی کا سلسلہ بھی شروع کردیا گیا۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں