موٹرسائیکل سواروں کو پیٹرول مفت فراہم کرنے کا اعلان
شیئر کریں
عید تک 3لیٹر پیٹرول مفت دیا جائے گا، آخری عشرے کی تمام افطار پارٹیاں منسوخ کر دی ہیں
جو لوگ مہنگائی کے دور میں ہزار کا پیٹرول نہیں دلوا سکتے ان کیلئے یہ عید کا تحفہ ہوگا، کامران ٹیسوری
گورنرسندھ کامران ٹیسوری نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے سے پریشان موٹرسائیکل سواروں کو عید تک پیٹرول مفت فراہم کرنے کا اعلان کر دیا گیا۔گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے موٹرسائیکل سواروں کو عید تک 3لیٹر پیٹرول مفت فراہم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ کل یا پرسوں اچانک شہر کے کسی بھی پمپ پر جائوں گا اور اس وقت پمپ پر موجود موٹرسائیکل سواروں کو پیٹرول بھروا کر دیں گے۔کامران ٹیسوری نے کہا کہ جو لوگ مہنگائی کے دور میں ہزار روپے کا پیٹرول نہیں دلوا سکتے ان کیلیے یہ عید کا تحفہ ہوگا، اس وقت خطہ حالت جنگ میں ہے دعا کریں اس میں امن قائم ہو۔انہوں نے مزید کہا کہ جنگ طویل ہوئی تو پیٹرول اور اشیائے خورد و نوش کی قیمتیں بڑھیں گی، وزیر اعظم شہباز شریف کے کفایت شعاری پلان پر ہمیں بھی عمل کرنا ہے۔گورنرسندھ نے کہاکہ گورنر ہائوس میں آخری عشرے کی تمام افطار پارٹیاں منسوخ کر دی ہیں تاہم شہریوں کیلیے امیدِ رمضان دسترخوان بدستور جاری رہے گا، میں نے بطور مہمان اپنی تمام افطار مصروفیات منسوخ کر دی ہیں۔


