سندھ سالڈ،کراچی کے پبلک مقامات کچرا کنڈی میں تبدیل
شیئر کریں
غریب آباد فلائی اوور لیاری ایکسپریس وے اور اطراف میں کچرے کے ڈھیر
کثیر اخراجات کے باوجود شہریوں کو آلودگی، تعفن زدہ ماحول سے نجات نہ مل سکی
کثیر اخراجات کے باوجود شہرقائد سے نہ تو کچرا صاف کیا جاسکا نہ ہی شہریوں کو تعفن زدہ ماحول سے نجات مل سکی۔ سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کی ناقص کارکردگی کے سبب کراچی کے اکثر علاقے و پبلک مقامات کچرا کنڈی میں تبدیل ہورہا ہے خاص طور پر غریب آباد فلائی اوور لیاری ایکسپریس وے اور اطراف مرکزی سڑک پر کچرے کے ڈھیر لگائے جارہے ہیں۔ شہریوں کے مطابق بغیر نمبر پلیٹ گاڑیاں رونگ وے پر دھڑلے سے چل رہی ہیں، جن کے ذریعے ضلع وسطی بالخصوص لیاقت آباد کا کچرا لیاری ندی کے کنارے لا کر ڈالا جارہا ہے ۔ مقامی افراد کا کہنا ہے کہ نہ صرف کچرا کھلے عام پھینکا جارہا ہے بلکہ اس سے آگ بھی لگائی جارہی ہے جس سے پورے علاقے میں آلودگی پھیل رہی ہے ۔شہریوں نے الزام عائد کیا ہے کہ یہ عمل ماحولیاتی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے ، جس سے فضائی آلودگی میں اضافہ اور سانس کی بیماریوں کا خطرہ بڑھ رہا ہے ۔ لیاری ندی پہلے ہی تجاوزات اور آلودگی کا شکار ہے ، ایسے میں کچرا جلانے کا عمل صورتحال کو مزید سنگین بنا رہا ہے ۔


