میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
انتہاپسندی، دہشتگردی کیخلاف جدوجہدجاری رکھیں گے، وزیراعظم

انتہاپسندی، دہشتگردی کیخلاف جدوجہدجاری رکھیں گے، وزیراعظم

ویب ڈیسک
جمعه, ۱۳ فروری ۲۰۲۶

شیئر کریں

عالمی برادری کو دیرینہ تنازعات کا منصفانہ اور پرامن حل تلاش کرنا ہوگا، شہباز شریف
پاکستان دہائیوں سے دہشت گردی کے خلاف بے مثال قربانیاں دے رہا ہے، پیغام

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ہر قسم کی انتہاپسندی، دہشت گردی، نفرت اور پرتشدد نظریات کے خلاف قومی جدوجہد پوری قوت سے جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان دہائیوں سے دہشت گردی اور انتہاپسندی کے خلاف بے مثال قربانیاں دے رہا ہے، عالمی برادری کو دیرینہ تنازعات کا منصفانہ اور پرامن حل تلاش کرنا ہوگا۔ پی ایم آفس کے میڈیا ونگ کے مطابق وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے ان خیالات کا اظہار تشدد پر مبنی انتہاپسندی کی روک تھام کے عالمی دن (12فروری)کے موقع پر اپنے پیغام میں کیا۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ تشدد پر مبنی انتہاپسندی کی روک تھام کے عالمی دن پر پاکستان اس عزم کا اعادہ کرتا ہے کہ ہم ہر قسم کی انتہاپسندی، دہشت گردی، نفرت و عفریت اور تشدد آمیز نظریات کے خلاف اپنی قومی جدوجہد پوری قوت کے ساتھ جاری رکھیں گے۔انہوں نے کہا کہ انتہاپسندی اور تشدد کے نظریات نہ صرف معاشروں کے امن و استحکام کو نقصان پہنچاتے ہیں بلکہ یہ انسانیت، برداشت، رواداری اور باہمی احترام جیسی بنیادی انسانی اقدار کو بھی کمزور کرتے ہیں، پاکستان نے گزشتہ کئی دہائیوں میں دہشت گردی اور پرتشدد انتہا پسندی کے خلاف بے مثال قربانیاں دی ہیں، ہمارے بہادر سکیورٹی اہلکاروں اور شہریوں کی قربانیاں ہمارے قومی عزم کی روشن مثال اور باعث فخر ہیں۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ اسلام امن پسند دین ہے جو اعتدال، رواداری، مکالمے اور انسانی جان کے احترام کا درس دیتا ہے، ہمیں نوجوان نسل کو تعلیم، مواقع اور مثبت سوچ فراہم کر کے انہیں انتہا پسندانہ نظریات سے محفوظ بنانا ہوگا۔ انہوں نے سماجی انصاف، معاشی شمولیت اور بین المذاہب ہم آہنگی کو پائیدار امن کی بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان اس امر پر بھی زور دیتا ہیکہ دنیا میں جاری ناانصافیاں، طویل تنازعات اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں انتہاپسندی اور تشدد کو جنم دیتی ہیں، عالمی منظر نامے پر طویل حل طلب تنازعات بشمول بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر اور فلسطین میں معصوم شہریوں کے خلاف ریاستی ظلم و جبر اور بنیادی حقوق کی پامالی بھی انتہا پسندانہ رویے کی عکاس ہے، پاکستان عالمی برادری پر زور دیتا ہے کہ وہ ان دیرینہ تنازعات کے منصفانہ اور پرامن حل کے لیے موثر اقدامات کرے۔وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان عالمی برادری کے ساتھ مل کر مشترکہ حکمت عملی، تعاون اور شراکت داری کے ذریعے پرتشدد انتہاپسندی کے خاتمے اور ایک منصفانہ و پرامن عالمی نظام کے قیام کے لیے اپنا کردار ادا کرتا رہے گا، آئیے آج کے دن ہم سب مل کر ایک پرامن، محفوظ اور ہم آہنگ معاشرے کی تعمیر کا عہد کریں۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں