سانحہ گل پلازہ،76 افراد تاحال لاپتا،26 جاں بحق،اموات مزید بڑھنے کا خدشہ
شیئر کریں
پہلی منزل کی تلاش مکمل، دوسری منزل پر لوگوں کی تلاش جاری تھی کہ اس دوران دوبارہ آگ بھڑک اٹھی، اب تک مرنے والوں میں ایک خاتون اور دیگر تمام مرد ہیں، لاشیں نکالنے کا سلسلہ جاری
لاپتا افراد میں کئی خواتین بھی شامل ہیں،غلطی ہوگئی ہو تو معاف کردینا’ گل پلازہ میں پھنسے دکاندار کا آخری جذباتی پیغام،میئر کراچی کا شہید فائر فائٹر فرقان کے ورثا کو ایک کروڑ روپے دینے کا اعلان
(رپورٹ: افتخار چوہدری)ایم اے جناح روڈ پر واقع گل پلازہ شاپنگ مال میں ہفتے کی رات لگنے والی آگ پر بالآخر 36 گھنٹے بعد قابو پالیا گیا، آتشزدگی کے سبب عمارت کے دو حصے منہدم ہوگئے، دم گھٹنے اور جھلس کر جاں بحق افراد کی تعداد 26ہوگئی جب کہ واقعے کے بعد اب بھی 76 افرادتاحال لاپتا ہیں۔لاپتا افراد میں کئی خواتین بھی شامل ہیں۔ لاشیں نکالنے کا سلسلہ جاری ہے۔غلطی ہوگئی ہو تو معاف کردینا’ گل پلازہ میں پھنسے دکاندار کا آخری جذباتی پیغام ۔میٔر کراچی کا شہید فائر فائٹر فرقان کے ورثا کو ایک کروڑ روپے دینے کا اعلان۔تفصیلات کے مطابق ریسکیو اہلکار 40 گھنٹوں بعد گل پلازہ کی عمارت میں داخل ہوگئے اور موجود افراد کی تلاش میں آپریشن شروع کر دیا، پہلی منزل پر لاشوں کی تلاشی کا کام مکمل ہوگیا اور اب دوسری منزل پر زندہ یا مردہ افراد کی تلاش جاری ہے۔دوسری منزل پر لوگوں کی تلاش جاری تھی کہ اس دوران دوبارہ آگ بھڑک اٹھی جس پر فائر بریگیڈ کی گاڑی نے پھر سے پانی برسانا شروع کردیا۔ریسکیو اہلکار جہاں تک جاسکتے تھے وہاں کی جانچ کرلی، سیڑھی ہٹالی گئی، ریسکیو اہلکار نیچے اتر آئے۔ گل پلازہ میں اندھیرا ہونے کے باعث ریسکیو اہلکار ٹارچ کے ذریعے عمارت میں موجود شہریوں کو تلاش کر رہے ہیں۔ریسکیو عملے کے افراد کو عمارت کے اندر انسانی اعضا مل رہے ہیں جبکہ لاشیں نکالنے کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ترجمان ایدھی کے مطابق ایک لاش مکمل اور باقی اعضا کی صورت میں ہی نکالے گئے ہیں جبکہ تمام لاشیں ناقابل شناخت ہیں۔چیف فائر آفیسر کا کہنا ہے کہ ملبہ کلیئر کرنے میں 15 سے 17 دن لگ سکتے ہیں، عمارت کا موجودہ حصہ خطرناک ہے۔ڈی آئی جی ساؤتھ اسد رضا کے مطابق اب تک مرنے والوں میں ایک خاتون اور دیگر تمام مرد ہیں، آپریشن کے دوران لاشیں نکلنے کا سلسلہ بھی جاری ہے جبکہ ناقابل شناخت لاشوں کو امانتا ایدھی سرد خانے میں رکھوا دیا گیا ہے۔چیف فائر آفیسر ہمایوں احمد نے میڈیا سے فون پر گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ گل پلازہ میں مرکزی آگ کو مکمل طور پر بجھا دیا گیا ہے، اور اس وقت کولنگ کا عمل چل رہا ہے۔فائر بریگیڈ کے مطابق عمارت مکمل طور پر خستہ حال ہو چکی ہے اور اس کے گرنے کا خدشہ ہے اسی لیے فائر فائٹنگ روک دی گئی ہے، صرف ملبے کو ہٹایا جا رہا ہے۔کراچی ایم اے جناح روڈ پر واقع معروف شاپنگ سینٹر گل پلازہ میں ہفتے کی رات سوا دس بجے آگ بھڑک اٹھی جو بڑھتی ہی چلی گئی، فائربریگیڈ کی گاڑیاں بڑی تعداد میں پہنچیں مگر آگ بڑھتی ہی رہی، آتشزدگی سے عمارت کے دو حصے گر گئے۔چیف فائر آفیسر ہمایوں نے بتایا تھا کہ گل پلازہ میں لگنے والی آگ پر 80 فیصد قابو پا لیا گیا ہے اور کئی مقامات پر اگ کے شعلے تھم گئے، فائر اینڈ ریسکیو رضاکاروں کو اندر بھیجنا شروع کر دیا گیا ہے۔


