بٹ کوائن ڈکیتی ،سی ٹی ڈی اہلکاروں سے ایک کروڑ کی رقم اور پرتعیش کار برآمد
شیئر کریں
کراچی میں کرپٹو کرنسی ڈیلر کو اغوا کرکے اس کے اکاؤنٹ سے 3لاکھ 40ہزار ڈالرز ٹرانسفر کرانے والے ملزمان سے تحقیقاتی ٹیم نے ایک کروڑ سے زائد رقم اور ایک پرتعیش کار برآمد کرلی۔تفصیلات کے مطابق کرپٹو کرنسی ڈیلر کے اغوا سے متعلق کیس کی سماعت کراچی میں کلفٹن کی انسداد دہشت گردی عدالت میں ہوئی۔دوران سماعت تحقیقاتی افسر نے عدالت کو بتایا کہ کیس میں گرفتار ملزمان بشمول 2سی ٹی ڈی اہلکاروں، نے چوری شدہ رقم کو ایک بینک منتقل کیا اور بعد میں اس سے ایک پرتعیش گاڑی سیڈان(مرسڈیز بینز) خریدی جسے برآمد کرلیا گیا۔سی ٹی ڈی کانسٹیبلز علی سجاد اور محمد عمر کے ہمراہ ملزمان حارث اشعر، محمد رضوان شاہ، نعمان رفت، طارق حسن شاہ، مزمل رضا اور عمر جیلانی کو کلفٹن کی انسداد دہشت گردی عدالت کے جج کے سامنے ریمانڈ میں توسیع کے لیے پیش کیا گیا۔تحقیقاتی افسر نے عدالت کو بتایا کہ پولیس نے چوری شدہ رقم سے خریدی گئی مرسڈیز بینز اور ملزمان سے رقم برآمد کی۔انہوں نے عدالت کو یہ بھی بتایا کہ شکایت کنندہ ارسلان ملک نے جوڈیشل مجسٹریٹ غربی کی عدالت میں 2ملزمان کی شناخت کی اور ان کی جرم کی نوعیت کے حوالے سے تفصیلات فراہم کی۔عدالت میں تحقیقاتی افسر نے ملزمان سے مزید تفتیش کے لیے جوڈیشل ریمانڈ کی استدعا کی تاکہ مفرور ملزمان جن میں حماد، زمان، مزمل، علی رضا، رشید لودھی اور دیگر شامل ہیں، کو قانون کی گرفت میں لایا جائے۔بعد ازاں عدالت نے تحقیقاتی افسر کی استدعا سننے کے بعد ملزمان کا مزید 5روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرلیا۔