میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
ایم ڈی اے میں سسٹم مافیا کے خلاف کریک ڈاؤن ،عرفان بیگ رکاؤٹ

ایم ڈی اے میں سسٹم مافیا کے خلاف کریک ڈاؤن ،عرفان بیگ رکاؤٹ

ویب ڈیسک
بدھ, ۱۸ دسمبر ۲۰۲۴

شیئر کریں

ایک ایسے وقت میں جب سسٹم مافیا کے خاتمے کی باتیں گردش میں ہیں، ملیرڈیولپمنٹ اتھارٹی میں بہت سی جونکیں ادارے کے ساتھ ابھی بھی چمٹی ہوئی ہیں۔ اطلاعات کے مطابق سسٹم مافیا کے مختلف مہروں کو ادھر اُدھر کرتے ہوئے نجب الدین سہتو کا بھی بطور ڈی جی بدل کر سیکریٹری فاریسٹ بھیج تو دیا گیا مگر نئے ڈی جی کے آنے سے قبل ہی نجب الدین سہتو کے ساتھ دوسری جونکوں نے اپنا کام شروع کردیا۔ اس سلسلے میں بروز پیر نجب الدین سہتو انتہائی خاموشی سے چھپ چھپا کر ایم ڈی اے میں پہنچ گئے جہاں پہلے سے اُن کے منتظر عرفان بیگ اور لئیق احمد نے اُن سے کچھ کام پچھلی تاریخوں میں کرائے۔ اطلاعات کے مطابق نجب الدین سہتونے غیر قانونی طور پر پی ایس او ٹو ڈی جی عبدالروف بلوچ ، ڈائریکٹر ٹاون پلاننگ لئیق احمد اور ٹرانسپورٹ افسر کامران خان کی پے فکسیشن پچھلی تاریخوںمیںکی ہے۔ بعد ازاں نجب الدین سہتو کو رخصت کرتے ہوئے عرفان بیگ نے اُنہیں کیک بھی پیش کیا۔ عرفان بیگ قانون نافذ کرنے والے اداروں کے لئے درد سر بن گیا ہے۔ایم ڈی اے کا ملازم نہ ہونے کے باوجود عرفان بیگ ایم ڈی اے سے جونک کی طرح چمٹ گیا ہے۔ 27فروری کو پانچ گریڈ کے میل ویکسی نیٹر کے طور پر لوکل گورنمٹ میں واپس رپورٹ کرانے کے حکم کے باوجود وہ انیس گریڈ میں ایم ڈی اے کے اندر اب بھی موجود ہے۔ نئے ڈی جی ایم ڈی اے سعید صالح جمانی کے لیے اس کرپٹ ترین شخص سے نمٹنا ایک چیلنج ہوگا۔ جو پیپلزپارٹی کی حکومت کے اثرو رسوخ سے سب کو دھوکا دینے میں نہ صرف کامیاب ہے بلکہ سسٹم کے اندر بھی اپنا ایک سسٹم بنا کر بیٹھا ہو اہے۔ ذرائع کے مطابق عرفان بیگ نے سسٹم مافیا کی معاونت سے تقریباً تین ہزار ایکڑ اراضی پر اب تک قبضہ کرایا ہے جسکی مالیت
کھربوں روپے بنتی ہے۔ ان قبضوں میں وہ زمینیں بھی شامل ہیں جو مستقبل کی منصوبہ بندی کے لئے رکھی گئی تھی۔ ایم ڈی اے کے بیلٹ سیکٹر بھی عرفان بیگ نے نہیں بخشے ۔ گزشتہ جمعہ کو ڈائریکٹر جنرل نجب الدین سہتوکے تبادلے کے بعد یہ لگا تھا کہ ایم ڈی اے میں اس مافیا کو شکست دے دی گئی لیکن بروز پیر نجب الدین سہتو فارسٹ ڈیپارٹمنٹ میں جوائن کرنے کے باوجود ایم ڈی اے ہیڈ آفس آئے اور ڈی جی کی کرسی استعمال کی جو کہ قانونی طور پر جرم ہے ۔ نجب الدین سہتوعرفان بیگ اور لئیق احمد بند کمرے میں میٹنگ میں مصروف رہے۔ ذرائع کے مطابق نجب الدین سہتو گزشتہ تاریخوں میں سسٹم کے لے آؤٹ پلان پر دستخط کر کے گئے ہیں۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں