کرم بدامنی کی آگ میں ہے، کے پی حکومت لاپتہ ہے ،بلاول بھٹو
شیئر کریں
پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے خیبر پختونخواہ کے گورنر فیصل کریم کنڈی سے ضلع کرم کی صورتحال پر رپورٹ طلب کر لی جبکہ بلاول بھٹو نے ضلع کرم میں امن و امان کی مخدوش صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے زور دیا ہے کہ شہریوں کی جان و مال کو تحفظ فراہم کیا جائے ۔ اپنے بیان میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ایک طرف ضلع کرم بدامنی کی آگ میں جل رہا ہے ،تو دوسری جانب خیبرپختونخواہ حکومت صوبے سے لاپتہ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ضلع کرم میں تین دنوں کے دوران 80 شہری قتل ہوچکے ہیں ، لوگ اپنے گھروں میں بھی محفوظ نہیں ہیں۔ بدامنی کے دوران حکومت کا خاموش تماشائی بننا دہشت گردوں کا اتحادی بننے کے مترادف ہے ۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ امن و امان کا قیام صوبائی حکومت کی اولین ذمہ داری ہے لیکن پی ٹی آئی کی صوبائی حکومت شہریوں کی جان و مال کو تحفظ فراہم کرنے کی ذمہ داری نبھانے میں ناکام ثابت ہوچکی ہے ۔ ضلع کرم میں پی ٹی آئی حکومت کی مجرمانہ غفلت کی مذمت کرتے ہیں۔پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے کہا کہ ہلاکتوں پر دل خون کے آنسو بہا رہا ہے ، خیبرپختونخواہ کو یوں بدامنی کی آگ میں جلتا نہیں دیکھ سکتے ،ضلع کرم سمیت پورے خیبرپختونخواہ میں امن و امان کو یقینی بنانے کے لیے پیپلز پارٹی اپنا کردار ادا کرے گی۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے خیبر پختونخواہ کے گورنر فیصل کریم کنڈی سے بھی ضلع کرم کی صورتحال پر رپورٹ طلب کی ہے۔