چیمپئینزٹرافی تنائو،آئی سی سی نے بھارتی بورڈ سے رابطہ کر لیا
شیئر کریں
چیمپئینز ٹرافی میں بھارتی کرکٹ ٹیم کی عدم شرکت پر انٹرنیشنل کرکٹ کونسل بی سی سی آئی کی مشاورت کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کو ردعمل دے گی۔پی سی بی نے دیگر بورڈز کے ساتھ روابط شروع کردیے تاکہ انھیں بھارتی بورڈ کے رویے سے آگاہ کیا جاسکے ۔ پاکستان ہائبرڈ ماڈل کی مخالفت کے موقف پر قائم ہے جس سے آئی سی سی کی مشکلات میں اضافہ ہوگیا ہے ۔ذرائع کے مطابق آئی سی سی کی جانب سے پی سی بی کو ای میل کا فوری جواب ملنا ممکن نہیں، اس میں کچھ دن لگیں گے ، پاکستان کی طرف سے بھارتی ٹیم کے انکار کی ٹھوس وجوہات جاننے کی خواہش پر اب آئی سی سی نے بھارتی بورڈ سے رابطہ کرلیا ہے ۔بھارتی بورڈ سے پی سی بی کے سوالات پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے ممکنہ جوابات مانگے گئے ہیں، اسی کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ کی ای میل کا جواب دیا جاسکے گا۔اطلاعات کے مطابق بھارتی بورڈ تمام قانونی پہلوئوں کو سامنے رکھتے ہوئے تحریری موقف دے گا جس کی روشنی میں آئی سی سی پاکستان کرکٹ بورڈ کو جوابی ای میل بھیجے گا۔آئی سی سی حکام پاک بھارت تنازع پر دیگر ممالک سے بھی مشاورت کررہے ہیں تاکہ مسئلے کا کوئی پائیدار حل ڈھونڈا جا سکے۔