16دن رہ گئے، پورا ملک بند، پہیہ بھی جام ہو گا،حافظ نعیم الرحمن
شیئر کریں
امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ 16دن رہ گئے، راولپنڈی معاہدہ پر عمل درآمد نہ ہوا تو حالات کی ذمہ دار حکومت ہو گی، ہمارا جو بھی لائحہ عمل ہوا پھر شہباز شریف اس کی شکایت نہ کریں، حکمرانوں کی عیاشیوں اور آئی پی پیز کا بوجھ اب عوام نہیں اٹھائیں گے، ہم قوم کے حق کے لیے لڑ رہے ہیں، ہمارے راستے میں رکاوٹ ڈالنے کی کوشش کرنے کا سوچیے گا بھی نہیں۔ تین دن کی ہڑتال پر تاجروں سے مشاورت جاری ہے،پورا ملک بند، پہیہ بھی جام ہو گا، پنجاب میں جو بھی ریلیف ملا کریڈیٹ جماعت اسلامی کا ہے، بجلی کی اصل لاگت کا تعین کر کے دوماہ کے لیے نہیںپورے پاکستان میں یکساں ٹیرف لاگو کیا جائے، حکمران اپنی مراعات اور عیاشیاں کم کریں، آئی پی پیز نے تین بڑے فراڈ کیے، پہلا معاہدے غلط ہوئے، دوسرا جو بجلی پیدا نہیں ہو رہی اس کے پیسے وصول کیے جا رہے ہیں اور تیسرا جو رقم لی جا رہی اس پر ٹیکس بھی نہیں دیا جاتا، ن لیگ، پیپلزپارٹی اور پی ٹی آئی کی حکومتوں نے آئی پی پیز کو تحفظ فراہم کیا، یہ لوٹ مار میں برابر کے شریک ہیں، اردگرد اے ٹی ایم کھڑے کر کے ایمانداری کے دعوے نہیں کیے جا سکتے، ”حق دو عوام کو” تحریک آنے والے دنوں میں مزید آگے بڑھے گی، ممبرشپ کا آغاز کر دیا، ہدف پچاس لاکھ نئے ممبرز ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے گوجرانوالہ میں ورکرز کنونشن سے خطاب اور ممبرشپ کیمپ کے افتتاح کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔