عمران خان، پی ٹی آئی پر پابندی، سندھ ہائیکورٹ نے ایک بارپھر پیمرا نوٹیفکیشن معطل کر دیا
شیئر کریں
بانی پی ٹی آئی اور پارٹی پر پیمرا کی جانب سے پابندی کا معاملہ، سندھ ہائی کورٹ نے ایک بار پھر پیمرا کا 31 مئی 2023 کا نوٹیفکیشن معطل کر دیا۔ سندھ ہائی کورٹ کے ڈویژن بینچ چیف جسٹس محمد شفیع صدیقی، جسٹس جواد اکبر نے پیمرا کی اپیل خارج کر دی، اس سے قبل سندھ ہائی کورٹ کے سنگل جج نے پیمرا کا نوٹی فکیشن معطل کیا تھا۔ سندھ ہائی کورٹ میں پیمرا نے فیصلے کے خلاف اپیل دائر کی گئی تھی جس کی منگل کو سماعت ہوئی، پی ٹی آئی کی طرف سے وکیل بیرسٹر علی طاہر نے دلائل پیش کیے، بیرسٹر علی طاہر نے عدالت کو بتایا کہ 31 مئی کا نوٹیفکیشن معطل ہونے کے بعد پیمرا نے 11 نومبر 2023 کو دوبارہ یہی نوٹیفکیشن جاری کیا تھا، عدالت نے پیمرا کے دونوں نوٹیفکیشن معطل کر دیے ہیں۔ بیرسٹر علی طاہر نے کہا کہ اس وقت بانی پی ٹی آئی اور پی ٹی آئی کی کوریج پر کوئی پابندی نہیں ہے، پیمرا کی لگائی گئی پابندی آئین اور پیمرا کے قانون کے خلاف تھی، پی ٹی آئی ملک کی سب سے بڑی جماعت ہے کوریج پر پابندی آئین کے خلاف ہے، ڈویژنل بینچ نے سنگل بینچ کو چھ ہفتے میں فائنل فیصلہ کرنے کا حکم بھی جاری کر دیا۔