بھارتی یوم آزادی پرمقبوضہ کشمیر میں یوم سیاہ منایاگیا، وادی میں مکمل ہڑتال
شیئر کریں
بھارت کے یوم آزادی کے موقع پر مقبوضہ جموں و کشمیر میں یوم سیا ہ منایاگیا،وادی میں مکمل ہڑتال رہی اور کاروباری مراکز بھی بند رہے۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بھارت کے یوم آزادی پر کل جماعتی حریت کانفرنس نے مقبوضہ وادی میں بھارت کے غیر قانونی قبضے کیخلاف یوم سیاہ منائے جانے کی کال دی تھی جس کے پیش نظر جمعرات کو مقبوضہ وادی میں کشمیریوں نے یوم سیاہ منا یا، وادی میں مکمل ہڑتال رہی اور کاروباری مراکز بھی بند رہے۔اس موقع پر حریت رہنمائوں نے اپنے پیغام میں کہا کہ کشمیری عوام بھارت کو ایک مضبوط پیغام بھیجیں کہ وہ اس کے قبضے کو مسترد کرتے ہیں،بھارت کو مقبوضہ کشمیر میں اپنا یوم آزادی منانے کا کوئی قانونی یا اخلاقی حق نہیں ہے، کشمیر پر بھارت کا قبضہ عالمی قوانین اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کی کھلی خلاف ورزی ہے۔دوسری جانب نریندر مودی سرکار کا تمام تر جبر بھی مقبوضہ وادی کے کشمیریوں کو پاکستان کا یوم آزادی منانے سے نہ روک سکی۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق 14اگست پاکستان کے یوم آزادی پر مقبوضہ وادی میں پاکستان کے حق میں پوسٹرز چسپاں کیے گئے اور پاکستان کے جھنڈے لہرائے گئے۔قابض فوج کی کڑی نگرانی اور سی سی ٹی وی کیمروں کے باوجود مختلف اضلاع میں کشمیریوں نے پاکستان کے حق میں پوسٹرز چسپاں کیے، پوسٹرز پریوم آزادی مبارک اور ہم پاکستانی ہیں، پاکستان ہمارا ہے کے نعرے تحریر ہیں۔